راولپنڈی۔27ستمبر (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل مری میں سیاحت کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں سیاحت کے کردار، سیاحت کے فروغ کے لیے حکومتی اقدامات اور سیاحتی مقامات کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔بعد ازاں سیاحت کو درپیش چیلنجز اور ممکنہ حل پر ورکشاپ منعقد ہوئی ،جس میں رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب بلال یامین ستی، سیکرٹری سیاحت پنجاب فرید احمد تارڑ، ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی و دیگر نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رکن قومی اسمبلی راجہ اسامہ اشفاق سرور نے کہا کہ مری صحت افزاء سیاحتی مقام ہے، پاکستان سمیت دنیا بھر سے سیاحوں کی بڑی تعداد مری سیر وتفریح کی غرض سے آتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی سی پی مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔رکن صوبائی اسمبلی پنجاب بلال یامین ستی کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت صوبہ بھر بالخصوص مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے عملی اقدامات یقینی بنا رہی ہے، پنڈی مری گلاس ٹرین منصوبہ اسی سلسلے کی کڑی ہے۔سیکرٹری سیاحت پنجاب فرید احمد تارڑ نے کہا کہ سیاحت مثبت تفریح کا نام ہے جس کے ذریعے امن و امان قائم کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے مثالی انتظامات کیے ہیں جو سیاحت کے فروغ کے لیے انتہائی اہم تھے، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن کے مطابق مری میں سیاحت کے فروغ کے لیے انتظامیہ مختلف منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔سیکرٹری سیاحت پنجاب فرید احمد تارڑ کی زیر قیادت مال روڈ پر علامتی واک کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں سرکاری محکموں کے افسران اور اہلکاروں سمیت تاجروں، صحافیوں اور سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔