راولپنڈی۔20نومبر (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل میں خانہ فرہنگ ایران کے اشتراک سے اسلامی خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ نمائش کے مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی راجہ محمد حنیف ایڈووکیٹ تھے،پاکستان میں ایرانی سفیر رضا امیری مقدم، خانہ فرہنگ ایران کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد مہدی طاہری، سابق ڈائریکٹر وقار احمد اور ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین بھی شریک ہوئے۔نمائش میں ایرانی مصور سعید رضا کرمانی اور حسین گوربانین کے ہنڈی کرافٹ اور ٹیکسٹائل مصنوعات رکھی گئیں ہیں۔مہمان خصوصی ممبر پنجاب اسمبلی راجہ حنیف ایڈو وکیٹ کا کہنا تھا کہ خطاطی کے فن کو ہماری تہذیب وثقافت میں خاص مقام و مرتبہ حاصل ہے۔ حکومت پنجاب فنون لطیفہ کی تمام اصناف کی ترویج و ترقی پر بھرپور توجہ دے رہی ہے۔
مسلمانوں میں جس آرٹ کو سب سے زیادہ پسند کیا جاتا ہے وہ خطاطی ہی ہے، اس کی ایک وجہ مسلمانوں کی قرآن مجید سے محبت ہے۔مصور نے اسلامی خطاطی کے ذریعے اسلام سے اپنی والہانہ محبت کا اظہار کیا ہے۔ایران اور پاکستان کے درمیان درینہ تعلقات ہیں۔ایران نے آزادی کے بعد سب سے پہلے پاکستان کو تسلیم کیا۔ثقافت کو پروان چڑھانے کے لیے دونوں ممالک کو ساتھ مل کر چلنے کی ضرورت ہے۔ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ پاکستان اور ایران مشترک ثقافت کے حامل ہیں۔ دونوں ممالک کی ذمہ داری ہے کہ اس طرح کے پروگرام کا انقعاد کریں تاکہ ہماری ہنر مند لوگ ثقافت سے روشنائی حاصل کریں۔آخر میں انہوں نے آرٹس کونسل کا خطاطی نمائش کرانے پر شکریہ ادا کیا۔
ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر مہدی طاہری نے کہا کہ الفاظ کو جمالیاتی ذوق و شوق کے رنگوں میں رنگ کر قلم سے کینوس پر اتارنے کا نام کیلی گرافی ہے اور جب خطاط یہی الفاظ قرآن و حدیث اور روحانیت سے مُستعار لیتا ہے تو یہ فن خطاطی کی قدیم روایات سے جڑجاتا ہے۔ سابقہ ڈائریکٹر وقار احمد نے کہا کہ اسلامی خطاطی دراصل دستی تحریر اور خطاطی کو فنکارانہ انداز سے پیش کرنے کا نام ہے۔ یہ عموماً مشترکہ اسلامی ثقافتی ورثہ رکھنے والے ممالک میں دکھائی دیتی ہے۔ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کا اعجاز ہے کہ مسلمان اسلامی خطاطی جیسے پاکیزہ فن سے روشناس ہوئے۔دور حاضر میں خطاطی کے فروغ کے لئے بہت کام ہورہا ہے۔
نمائش میں جڑوں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ایرانی ماہر خطاط کے زیر نگرانی آرٹس کونسل میں اسلامی خطاطی کی ورکشاپ آج 10بجے سے لیکر 2 بجے تک منعقد ہو گی۔