پنجاب آرٹس کونسل میں فرزانہ ناز کی یاد میں مشاعرہ بعنوان’’بیاد فرزانہ ناز‘‘ کا انعقاد

114
Punjab Arts Council
Punjab Arts Council

راولپنڈی۔19جنوری (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل میں خیال لٹریری فورم اسلام آباد کے اشتراک سے معروف شاعرہ (مرحومہ) فرزانہ ناز کی یاد میں مشاعرہ بعنوان ”بیاد فرزانہ ناز” کا انعقاد کیا گیا۔ محفل مشاعرہ کی صدارت معروف شاعر افضل خان نے کی جبکہ ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد بطور مہمان خصوصی ادبی تقریب میں شریک ہوئے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمدنے کہا کہ فرزانہ ناز کا تعلق کتاب سے تھا اور وہ صاحب کتاب بھی تھیں،ان کی موت بھی کتاب میلہ میں ہو ئی، کتاب فرد اور قوم کی زندگی کی علامت ہے، کتاب سے ہی انسانیت اپنے لاکھوں برس پرانے ماضی سے جڑی ہے، اپنے اسلاف کو پہچان سکتی ہے، اپنے پُرکھوں کے کارناموں پر فخر کرسکتی ہے۔صدر محفل افضل خان نے کہا کہ فرزانہ ناز نے ادبی دنیا میں بہت کم وقت میں اپنا مقام بنایا تھا وہ ایک ملنسار،ہنس مکھ، باادب اور انسانیت سے پیار کرنے والی شاعرہ تھیں۔

انہوں نے اپنی شاعری میں روزمرہ زندگی کی حقیقتوں کواجاگر کیا،ان کی شاعری میں ان کا صوفیانہ انداز انہیں علم و ادب کی دنیا میں ہمیشہ زندہ رکھے گا۔مرحومہ فرزانہ ناز کے شوہر اسماعیل بشیر نے اپنی اہلیہ کی ادبی خدمات پر روشنی ڈالی اور فرزانہ ناز کو خراج عقیدت پیش کیا۔سعید راجہ،مہنازبینجمن،انجم سلیمی، احمد رضا راجہ،ناصر علی ناصر،ردا نقوی،بسمل ہاشمی،عمیر اشرف،طوبیٰ سہیل،اقرا انصاری،جاوید جدون، تیمور ذولفقار، ذیشان مرتضیٰ، منیب کیانی، شعیب کیانی، رخسانہ سحر، شفقت حیات شفق،

احمد رضا راجہ،اتفاق بٹ، عبدالسمیع، زرتش فاطمہ،ارشد ملک، شہزاد مہدی، نوید ملک، اشفاق میر،مصعب سعود،احمد نصیر،مریم صفاء عفیفہ خان، فیاض حسین شاہ،حارث راجہ،مصور عباس اور منیر سیال نے اپنا کلام پیش کرکے حاضرین محفل سے خوب داد سمیٹی۔ ادبی تقریب میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔