پنجاب آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد

69
Punjab Council of Arts

راولپنڈی ۔27اکتوبر (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل میں یوم سیاہ کشمیر کے حوالے سے بھارتی مظالم پر مبنی تصویری نمائش کا انعقاد کیا گیا۔ نمائش کا افتتاح پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ اطلاعات و ثقافت شازیہ رضوان نے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین، اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سرفراز خان و دیگر بھی موجود تھے ۔ شرکاء کو قابض بھارتی افواج کے نہتے کشمیریوں پر مظالم پر بنی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔ مہمان خصوصی شازیہ رضوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کا بچہ بچہ کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، مقبوضہ کشمیر کی قابض بھارتی تسلط سے آزادی تک پاکستان کشمیری عوام کی سیاسی اور خارجی محاذ پر حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ دن منانے کا مقصد دنیا کو باور کرانا ہے کہ بھارت نے 77 برس قبل کشمیر پر ناجائز قبضہ کر کے عالمی قوانین کے ساتھ ساتھ انسانی بنیادی حقوق کو بھی طاقت کے ملبے تلے روند ڈالا، اس دن کو منانے کا ایک اور مقصد عالمی تنظیموں اور اداروں کو آگاہ کرنا ہے کہ کس طرح بھارت نے عالمی قوانین کی خلاف ورزی کی اور کشمیریوں کو ان کے حق خودارادیت سے محروم کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی آنکھوں میں ایک درد ہے، عالمی برادری کو کشمیریوں کے اس درد کا مداوا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال 27 اکتوبر ہمیں کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے، جنگی جنون، امن دشمنی، جبری گمشدگیاں، ریاستی حراستی قتل، ظلم و جبر کے سائے میں پلتی ہوئی معصوم زندگیاں، عالمی قوانین اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر عالمی امن کا ایک نامکمل ایجنڈا ہے، مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر عالمی امن کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی ہر فورم پر حمایت جاری رکھے گا، جب تک کشمیر آزاد نہیں ہو جاتا تب تک ہم کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ 27 اکتوبر مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی قبضے کا المناک دن ہے،

یوم سیاہ کشمیر بھارت کے غیر قانونی تسلط اور کشمیری عوام کی آزادی کی طویل جدو جہد کی داستان ہے، کشمیری عوام بھارتی تسلط کو کبھی قبول نہیں کریں گے، مقبوضہ جموں و کشمیر پر غیر قانونی قبضے کو 77 سال گزر گئے، سات دہائیوں سے کشمیری عوام آزادی، انصاف اور اپنے حقِ خودارادیت کے لیے قربانیاں دے رہے ہیں، میں بطور پاکستانی کشمیری بہن بھائیوں کی لازوال جدو جہد کو سلام پیش کرتا ہوں۔ تصویری نمائش میں جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔