پنجاب آرٹس کونسل میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے تصویری نمائش اور واک کا اہتمام

82
Punjab Arts Council
Punjab Arts Council

راولپنڈی۔3فروری (اے پی پی):مقبوضہ کشمیر میں بدترین مظالم نے بھارت کا اصل چہرہ پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا ہے اور ایسے بدترین مظالم کی مثال انسانی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔بھارت کی ہندوتوا حکومت کشمیر دشمن ظالمانہ پالیسیوں سے تنازعہ کشمیر کی حقیقت کو تبدیل نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہارجنرل سیکریٹری کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ شیخ عبدالمتین نے پنجاب آرٹس کونسل میں یوم یکجہتی حوالے سے منعقدہ تقریب سے کیا۔ مہمان خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے بغیر عالمی امن کا خواب کبھی پورا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ آج تک لاکھوں کشمیریوں نے آزادی کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور کشمیریوں کا ایک ہی مطالبہ ہے کہ انہیں حق خود ارادیت دیا جائے۔سیکریٹر ی انفارمیشن کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر و پاکستان شاخ امتیاز وانی کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم پر پوری انسانیت شرمندہ ہے اور یہ انسانی تاریخ اور ضمیر پر بدنما دھبہ ہیں لہذا ہر پاکستانی اور دنیا کے ہر پر امن فرد کو کشمیری عوام کے حق خود ارادیت لئے اپنی آواز بلند کرنی چاہئے۔ مسلم امہ اور اقوام متحدہ کو مسئلہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

ڈائریکٹر آرٹس کونسل وقار احمد کا کہنا تھا کہ پا کستان نے کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی ہمیشہ سیاسی، اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی ہے، پاکستان کا یہ اصولی موقف ہے کہ مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت حل ہونا چاہئے۔مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ تقر یب میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے تعاون سے ٹیبلوز، تقریری اور کشمیری گیتوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔

ٹیبلو کے مقابلوں میں ایگل پبلک سکول نے پہلی، ایمز سکول سسٹم نے دوسری، الفاروق پبلک سکول نے تیسری جبکہ گرین ویلی سکول نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ تقریری مقابلوں میں معصومہ، تہنیہ عابد، سحر فاطمہ اور سائر نے بالترتیب پہلی، دوسری، تیسری اور چوتھی پوزیشن حاصل کی۔ کشمیری گیتوں کے مقابلوں میں مبینہ پہلے، شایان دوسرے، عائشہ تیسرے اور ایمان فاطمہ چوتھے نمبر پر آئیں۔یوم یکجہتی کشمیر ریلی میں جڑوں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔