پنجاب آرٹس کونسل کے بورڈ آف مینجمنٹ کا اجلاس ثاقب رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا

102
Punjab Arts Council
Punjab Arts Council

راولپنڈی۔10فروری (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل کے بورڈ آف مینجمنٹ کا تیسرا اجلاس صدر بورڈ ثاقب رفیق کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکریٹری بورڈ وقار احمد اور ممبران عاصمہ بٹ، محمد عظیم اقبال،بابر نیازی،محمد اسلم مغل شریک ہوئے۔صدر بورڈ ثاقب رفیق کا کہنا تھا کہ پنجاب کی زمین ادبی اور ثقافتی لحاظ سے بے حد زرخیز ہے اورپنجاب ایک قدیم ثقافتی مرکز اور لوک ورثے کے اعتبار سے مالا مال صوبہ ہے۔فن و ثقافت کے فروغ کے لیے بورڈ پوری طرح فعال ہے۔

اجلاس کی کارروائی میں صدر بورڈ اور تمام ممبران نے سابقہ ریزیڈنٹ ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل ناہید منظور کا نام بورڈ میں شامل کرنے کے لیے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل کو خط لکھنے پر اتفاق کیا۔اجلاس کے شرکاء نے پی ایس ایل میچز کی وجہ سے فوڈ اور کلچر فیسٹیول کو اپریل تک موخر کر دیا گیا۔

آڈیو ویڈیو اسٹوڈیو کے لیے سٹاف کی بھرتی،ثقافتی سرگرمیوں کے لیے فنڈز کا اجراہ اور آرٹس کونسل کی آمدنی بڑھانے کے لیے کرافٹ بازار بنانے پر بھی اتفاق ہوا ہے۔ سیکریٹر ی بورڈ وقار احمدنے بورڈ ممبران کو بتایا کہ پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی،اٹک، چکوال، جہل اور مری میں گائیکی اور مصوری کے مقابلے منعقد کرنے جا رہی ہے۔

جس کے لیے ججز کے نام فائنل کیے جاچکے ہیں۔ٹیلنٹ مقابلے ضلع، ڈویثرون اور صوبائی سطح پر منعقد ہوں گے۔اجلاس کے اختتام پر 24 فروری کو آرٹس کونسل میں جشن بہاراں میوزکل گا لہ کرانے پر اتفاق کیا گیا۔ جس میں نوراں لعل، ثنا نعمت اور لاہور سے ورسٹائل ڈانس گروپ پرفارم کرے گا۔صدر بورڈ ثاقب رفیق اور دیگر بورڈ ممبران نے پروگرام کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیر کرنے پر زور دیا۔