راولپنڈی۔26جنوری (اے پی پی):پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام پنجاب لوک موسیقی کی محفل کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد لوک گائیکی کی مختلف اصناف کو فروغ دینا اور مقامی فنکاروں کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ محفل میں خطہ پوٹھوہار کی لوک موسیقی شعر خوانی کو معروف شعر خوان نازک حسین اور ارم عباسی نے خوبصورت انداز میں پیش کیا۔ اس موقع پر نازک حسین اور ارم عباسی میں شعر خوانی کا مقابلہ بھی ہوا۔ خطہ پوٹھوہار کے روایتی سازندے ستار، گھڑا
ڈھولک اور ہارمونیم کے ذریعے شعر پیش کئےگئے۔ اس کے علاوہ لوک موسیقی میں شوکت علی خان کے صاحبزادے علی عمران شوکت علی اور غلام عباس نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ عمران شوکت نے اپنے والد کے مشہور گیت پیش کیے جسے لوگوں نے بے حد پسند کیا۔ ڈائریکٹر آرٹس کونسل سجاد حسین کا کہنا تھا کہ لوک موسیقی کی اپنی تاثیر ہے اور شعر خوانی اس خطے کی پہچان ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی فنکاروں کو پلیٹ فارم مہیا کرنا آرٹس کونسل کی ذمہ داری ہے۔ آرٹس کونسل فنون لطیفہ کے تمام شعبوں کی ترویج کے لیے کوشاں ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=551767