پنجاب اسمبلی میں دہشتگردی کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور ، پنجاب پولیس کو خراج تحسین پیش

74
Punjab Assembly
Punjab Assembly

لاہور۔23اپریل (اے پی پی):چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی ورکن صوبائی اسمبلی حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی میں ایک قرارداد پیش کی، جس میں پنجاب پولیس کے بہادر جوانوں کو کوٹ مبارک، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے سرحدی علاقے میں 2 مارچ کو خوارج دہشتگردوں کے گھات لگا کر کئےگئے حملے کو ناکام بنانے پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔

یہ قرارداد ایوان نے متفقہ طور پر منظور کر لی جس میں کہا گیا کہ اس دلیرانہ کارروائی میں پولیس نے نہ صرف دہشتگردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے بلکہ یہ ثابت کر دیا کہ پاکستان کی محافظ فورسز ہر چیلنج سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

ایوان نے خوارج دہشتگردوں کے اس بزدلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ریاستی اداروں کی پیشہ ورانہ کارکردگی کو سراہا۔ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ خوارج دہشتگردوں اور ان کے سرپرستوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا ،ریاست اپنی پوری قوت کے ساتھ دہشتگردی کے اس فتنے کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔