لاہور۔12مئی (اے پی پی):ملک ظہیر اقبال چنڑ نے قرارداد پیش کی جس کے متن میں کہا گیا کہ آپریشن ”بنیان مرصوص”کی کامیابی پر قوم اورپاک افواج کو مبارکباد پیش کرتے ہیں،پاک افواج نے دشمن کا غرور خاک میں ملا کر پوری قوم کا سر فخر سے بلند کردیا ،پاکستان کی عسکری اور سیاسی قیادت نے بہترین حکمت عملی اختیار کی،ایوان شہید ہونے والے معصوم شہریوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے،بھارتی جارحیت کے خلاف قوم متحد اور اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔قرارداد میں مزیدکہا گیا کہ بھارت نے 22اپریل 2025کو پہلگام کے فالس فلیگ آپریشن کو جواز بناتے ہوئے 6اور7مئی 2025کی درمیانی شب پاکستان پرآپریشن سندور کے نام سے بزدلانہ حملہ کرکے اس غیور قوم کو للکارا ،پاکستان اور آزاد کشمیر کے شہری علاقوں میں مساجد اور مدارس پر حملے کرکے خواتین، بچوں اور بزرگوں سمیت معصوم شہریوں کو شہید اور زخمی کیا ،اس کے علاوہ پاکستان کے آبی منصوبوں کو بھی نشانہ بنایا گیا،اس طرح بھارتی جارحیت نے نہ صرف خطے کے امن کو بلکہ عالمی امن کو شدید خطرے سے دوچار کر دیا تھا،
بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد 23اپریل کو سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا یکطرفہ اعلان کیا ،یہ معاہدہ دو طرفہ ہے اور اسے یکطرفہ طور پر ختم کرنا عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے ،دشمن کو اس بات کا اندازہ نہیں تھا کہ اسے ایسا جواب ملے گا جس سے وہ عالمی برادری میں رسوا ہو جائے گا اور شکست خوردہ زخم چاٹنے پر مجبور ہو جائے گا۔10مئی کی صبح آپریشن ”بنیان مرصوص ”کے ذریعے دشمن کو دندان شکن جواب دے کر افواج پاکستان نے قوم سے کئے گئے وعدے کو پورا کر دیا۔قومی سلامتی کمیٹی نے افواج پاکستان کو بھارتی جارحیت کا جواب دینے کا مکمل اختیار دیا جس پر افواج پاکستان قوم کی توقعات پر پورا اتری اور شاندار فتح کا تحفہ دیا،ہمارے شاہینوں نے نہ صرف دشمن کے طیاروں کو زمین بوس کیا بلکہ دشمن کے متعدد فوجی اڈوں کو بھی نیست و نابود کر دیا،یہ ایوان اس تاریخ ساز فتح پر پوری قوم کے ساتھ ساتھ سیاسی اور عسکری قیادت، وزیراعظم پاکستان اور ان کی کابینہ، تینوں مسلح افواج کے چیفس اور پاک فضائیہ کے شاہینوں کو مبارکباد پیش کرتا ہے۔
قرارداد کے ذریعے قوم کے ہیرو لیفٹیننٹ کرنل ظہیر عباس کے سات سال کے معصوم بیٹے ارتضی عباس سمیت سات معصوم بچوں اور سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کی شہادت پر رنج و الم کا اظہار کیا گیا اورتمام شہدا کے لواحقین سے اظہار تعزیت کی گئی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ان کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی گئی۔ قراردادمیں بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کے موقف کی تائید اور حمایت کرنے اور سفارتی کردار ادا کرنے پر امریکہ، چین، سعودی عرب، ترکیہ، آذر بائیجان اور تمام امت مسلمہ کا شکر یہ ادا کیا گیا۔پنجاب اسمبلی کااجلاس مقررہ وقت کی بجائے 2گھنٹے 39منٹ کی تاخیر سے سپیکر ملک محمد احمد خان کی صدارت میں شروع ہوا۔ پنجاب اسمبلی کے آغاز پر ہی حکومتی ارکان اسمبلی کی جانب سے پاک افواج زندہ باد کے نعرے لگائے گئے۔سپیکر کی ہدایت پر سیکرٹری اسمبلی نے سمیع اللہ خان، شوکت راجہ ، محمد شعیب صدیقی، آغا علی حیدر ، راحیلہ خادم حسین اورنادیہ کھر پر مشتمل پینل آف چیئرمینز کا اعلان کیا ۔
سپیکر نے اجلاس کے آغاز میں ہی طے شدہ ایجنڈا موخر کردیا اور کہا کہ آپریشن ” بنیان مرصوص پر ”سب کو مبارکبادپیش کرتا ہوں یہ آسان وقت نہیں بلکہ تاریخ لکھی جا رہی ہے، نریندر مودی پاکستان پر حملہ کرکے نسلی امتیاز کی سوچ کو دنیا کے سامنے لایا،مودی نے ہٹلر کی مثال قائم کرنے کی ناکام کوشش کی، سندھ طاس معاہدہ کو روکنا بھارت کے اختیار میں نہیں ،عالمی قوانین نافذ ہوتے ہیں،پہلگام واقعہ پر ثبوت کے بغیر ہی پاکستان کی سالمیت کو سبوتاڑ کرنے کی کوشش کی گئی۔وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے ملک محمد احمد خان کو اپنی نشست چھوڑ کر ایوان میں آکر بھارتی جارحیت کے خلاف بات کرنے کی اپیل کردی جس پر سپیکر اپنی نشست چھوڑ کر ممبران کے ساتھ بیٹھ گئے اور چیئر ڈپٹی سپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے سنبھال لی۔ڈپٹی اسپیکر ملک ظہیر اقبال چنڑ نے سپیکر ملک محمد احمد خان کو بھارتی جارحیت پر بات کرنے کی دعوت دی۔
سپیکر ملک محمداحمد خان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تاریخ کو جن حالات میں دیکھ رہے ہیں اس پر ہر پاکستانی اپنے جذبات رکھتا ہے، پورے ایوان کا شکر گزار ہوں مجھے ایوان میں بات کرنے کی اجازت دی۔ بھارت کی جارحت کی وجہ سے اقوام عالم میں خوف کے سائے منڈلانے لگے ،کروڑوں لوگوں کی زندگیاںدا ئوپر لگ گئیں،پہلگام میں دہشتگردوں نے پچیس افراد کو گولیاں مار کر قتل کردیا،پاکستان نے کہا کہ اگر ثبوت ہیں تو دیں ،دہشتگردی تسلسل کا نام ہے ،اے پی ایس ، مدارس خانقاہیں، ہسپتالوں ، سکولوںمیں دہشتگردی میں ہزاروں افراد دہشتگردی کی بھینٹ چڑھے،ایک سال کے دوران ویسٹرن سائیڈ سے چار سو سے زائد پاکستان پر دہشتگردی کے حملہ ہوئے ،جب لوگوں کو پکڑا جاتا تو پتہ چلتا ہے گمراہ لوگوں کو خریدا گیا، ریلوے اسٹیشن سے پکڑے گئے افراد سے ثبوت سامنے آئے پیسہ کون دے رہا ہے کون سے اکائونٹس ہیں ،کون لوگ ہیں جو پاکستان کے وجود سے انکاری ہیں،پاکستان میں پہلگام جیسے واقعات کی پوری تفصیل ہے
اس کے ثبوت ہیں،بین الاقوامی دنیا میں کلبھوشن جیسے دہشت گرد کیسے سامنے آتے ہیں،پہلگام واقعہ کا جواز بناکر بھارت حملہ کرتا ہے تو پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا گیا،پاکستان کو دن بتائے جاتے کہ پاکستان پر حملہ کریں گے،پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرکے بتایا جاتا کہ کتنا معاشی نقصان پہنچائیں گے،مغربی دریا ہمیں دئیے گئے اور مشرقی دریا بھارت کو دئیے گئے، سندھ طاس معاہدہ کوئی ایک ملک نہیں ختم کرسکتا، پینسٹھ ہو یا اکہتر کی جنگ بھارت نے سندھ طاس معاہدہ ختم نہیں کیا لیکن اب وہ معطل کرتا ہے تو پھر پہلگام واقعہ،پانی چھیننا جنگ چھیڑنے سے زیادہ کچھ نہیں ہو سکتا،پانی زندگی ہے اس زندگی کو کوئی چھین نہیں سکتا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کوایٹمی قوت بنانے کا مشکل فیصلہ ذوالفقار علی بھٹو اوردوسرا نوازشریف نے ایٹمی دھماکہ کرکے کیا، شہبازشریف کے تدبر اور جنرل عاصم منیر کے مضبوط ارادے کو سلام پیش کرتا ہوں،بھارت جنگی جنون کو روکے اگر نہیں روکے گا تو نتیجے میں جواب ایسا ہوگا
ضرب اتنی سخت ہوگی کہ دھوئیں راکھ کے نیچے کچھ نہیں بچے گا،جنگوں میں پہلا قتل حق و سچ کا قتل ہوتا ہے ، ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو کہا وہ چار گھنٹے میں ثابت کردیا،پاکستانی ضرب اتنی گہری تھی کہ بھارت کو سیز فائر کرنا پڑا ،ڈائیلاگ کا حامی شخص ہوں،چاہتا ہوں ممالک ڈائیلاگ سے معاملات حل کریں،مودی خطے کے امن کو تباہ کرنا چاہتا ہے جو چھوٹا جرم نہیں ہے،مودی سوچ رہا تھا کہ سندھ طاس اور ملکی استحکام کو سبوتاژ کرکے اپنی بدمعاشی قائم کر لوں گا تو ایسا جواب آیا کہ دنیا کو پتہ چل گیا،پاکستانی شاہینوں نے بھارتی ائیر بیسز اور بڑے مغرور طیارے تباہ کئے،مانتا ہوں سب کے پیچھے ایک تدبر و حکمت کارفرما ہے ،ہم امن کے خواہاں ہیں چاہتے ہیں پاکستان خطے میں امن ،تجارت کی بات کرے، درخواست ہوگی پاکستانی کے جذبہ کے تحت کسی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستانیت کی بات کریں۔قبل ازیں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے بھارتی جارحیت کے حوالے سے قرارداد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلح افواج اورپاکستانی قوم نے ثابت کیا ہم زندہ قوم ہیں
مسلح افواج کے ساتھ قوم نے کھڑے ہوکر بتا دیا ہم بہادر قوم ہیں، پہلگام واقعہ میں بے گناہ معصوم چھبیس لوگوں کو ہلاک کردیا گیا ،پاکستان آج بھی اس واقعہ کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تو خود دہشتگردی کا شکار ہے،جیسے ہی پہلگام کا واقعہ بھارتی میڈیا نے پاکستان پر الزام لگانے شروع کردئیے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے بھارتی جارحیت پر سب سے پہلے ٹوئٹ کیا گیا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ ہیں، بانی کے ٹائیگرز نے بھارتی الزامات و جھوٹ پر ان کا تیاپانچا کردیا ،پی ٹی آئی اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ،نیوکلیئر بیلا سٹک میزائل کی مودی نگرانی کرتا اور تجربہ کرتا رہا،پاکستان نے ڈھائی منٹ کیلئے بھارت کے کمیونیکیشن سسٹم ناکام کردیا ،پاکستان نے بھارت کا جتنا نقصان کیا وہ اپنی خفت ضرور مٹائیں گے ،ہمیں متحد ہونا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا نوجوان پاک افواج کے ساتھ ہے، پوری قوم مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے درمیان میں کوئی نہیں ہے، آخری دم تک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے ،مسلح افواج پاکستانی قوم کی ضرورت ہے۔
پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک بھارت جنگ میں شہدا کیلئے ایصال ثواب اور اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں، پاک کی تینوں افواج کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جتنی دہشتگردی کے واقعات بیس سالوں میں ہوئے اس میں بھارت کا ہاتھ ہے یہ بات تو دنیا کوبھی بتا دی ہے،پاکستان میں دہشت گردی میں بھارتی ایجنسی را ملوث ہے، شہدا ءکے خون نے ہمیں اکٹھا کیا ہے سیاسی لیڈر شپ نے 1970سے لے کر آج تک دفاع کیلئے کام کیا ،ان کی خدمات کو سراہیں،پانی زندگی ہے ،بلاول بھٹو نے کہاکہ سندھو دریا میں پانی نہیں بہے گا تو بھارتیوں کا خون بہے گا،امید ہے ڈی جی ایم اوز ملاقات میں سندھ طاس معاہدہ پر بھی بات ہوگی، اگر ایٹمی طاقت نہ ہوتے تو بھارت ہمارے ساتھ نہ جانے کیا کررہا ہوتا، ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی طاقت بننے کیلئے کاوشیں کیں ،بی بی شہید نے ملک کو میزائل ٹیکنالوجی دی، ایف 16کی ڈیل بی بی شہید نے امریکہ سے کی ،پھر نوازشریف نے دھماکے کرکے اپنی ایٹمی صلاحیت دنیا کو بتائی، ہم مضبوط قوم ہیں، ،رافیل کبھی زمین پر نہیں گرا لیکن پاکستان نے تین رافیل گرائے،چھ سے دس مئی کو قوم اپنی نیند سو رہی تو ہمارے فوجی جاگ رہے تھے
افواج پاکستان کی ہمیشہ حوصلہ افزائی کرنی چاہیے ،انہوں نے کل کیلئے اپنا آج قربان کیا ہے۔ڈپٹی سپیکر ظہیر اقبال چنڑنے کہا کہ کسی ممبر کو کسی سیاسی قیادت پر تنقید کرنے کا اجازت نہیں دی ،آج صرف پاکستان کی کامیابی پر بات کریں،قوم کا سر فخر سے بلند کرنے والوں کی بات کریں ،تنقید کسی اور دن کرلیں ۔اپوزیشن رکن حسن ملک نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کو بدترین شکست دی،پاکستان فضائیہ نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا،ائیر فورس اقبال کے شاہین ہیں۔وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان کی دھرتی کومقدس زمین تسلیم کرتا ہوں کیونکہ سکھ مذہب کی بنیاد ادھر ہے،پاک افواج نے دشمن کو دھول چٹائی اور پیغام دیا کہ سب سے پہلے پاکستان ہے،نوازشریف کا شکر گزار ہوں ان کے ویژن کے مطابق شہبازشریف ،جنرل عاصم منیر و ٹیم نے بھارت کے خلاف کامیاب آپریشن کیا، بھارت نے پاکستان کو کبھی تسلیم نہیں کیا ۔
حکومتی رکن بلال یامین نے کہا کہ دس مئی کو خدا کی ذات نے وہ دن دکھایا جب ملک کا بچہ بچہ بہادری کا نعرہ لگاکر سڑک پر نکل آیا،ذوالفقار علی بھٹو کے ویژن اور نوازشریف کی سوچ تھی جس نے ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، ہم نے بھارت کو دندان شکن جواب دیا،جے ایف تھنڈر طیارے نوازشریف نے چین سے خریدے، جن کی افواج طاقتور ہوتی ہے ان کو صفحہ ہستی سے مٹانا ناممکن ہوتا ہے۔اپوزیشن رکن حافظ فرحت عباس نے کہا کہ ہمیں پارٹیوں سے بالاتر ہوکر بات کرنی چاہیے ،قوموں کی تاریخ میں اچھے برے وقت آتے ہیں ،جب بھی مشکل وقت آیا تو قوم سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہوئی، دنیا میں سوشل میڈیا و بیانیہ کی جنگ ہے ،آر ایس ایس کا چہرہ مودی کی شکل میں دنیا نے دیکھ لیا۔ حکومتی رکن ذکیہ شاہنواز نے ایوان میں کہا کہ ”بنیان مرصوص ”جنگ میں بھارت کو بدترین شکست ہوئی جس کا کریڈٹ حکومت اور مسلح افواج کوجاتا ہے،جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر بھارت کو ایسا سبق سکھایا جو کبھی نہیں بھولے گا،پوری قوم متحد ہو چکی ہے
اگر مشکل وقت آیااپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔حکومتی رکن احمد اقبال نے کہا کہ گجرات کے قصائی نے دنیا کو اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا ،بھارت نے پہلگام کا ڈرامہ رچا کر پاکستان کی سا لمیت پر حملہ کیا، سول و عسکری قیادت ،مضبوط قوم نے عقلمندی کے ساتھ اپنی جنگ کا لوہا منوایا اور منہ توڑ کر صلح کرنے پر راضی کیا، دو ایٹمی ممالک کے درمیان جنگ نہیں ہونی چاہیے تھی ،بھارت نے جنگ شروع کی جنگ میں کوئی نہیں جیتتا،اگر یہ جنگ چھڑ جاتی تو خدانخواستہ ورلڈ وار بن سکتی تھی،بھارت نے خود سیز فائر کروا کر امریکہ کو کہا ثالثی کا کردار ادا کرو۔تاریخی فتح کے بعد کشمیر کا مسئلہ دنیا کے سامنے آ گیا ہے،قوم متحد ہو گئی ۔اپوزیشن رکن حسن بھٹہ نے کہا کہ پاک فضائیہ کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ،جعفر ایکسپریس ، کلھبوشن کی شکل میں دہشتگرد موجود ہیں ،بی ایل اے کوبھارت سپورٹ کرتی ہے۔ اس موقع پردیگر اراکین نے بھی خطاب کیا اور پاک افواج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا ۔
ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن رکن حسن ملک کو پاک بھارت جنگ کی بجائے سیاسی قائدین پر تنقید کرنے پر نشست پربٹھا دیا اور بات کرنے کی اجازت نہ دی۔اجلاس میں رکن اسمبلی مہوش سلطانہ اور سارہ احمد نے دس مئی کو یوم فتح کے طورپر منانے کی قراردادپنجاب اسمبلی میں جمع کروادی۔اجلاس میں لیگی رکن اسمبلی ملک سعید احمد خان کی جانب سے پروفیسر سینیٹر ساجد میر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد بھی متفقہ طورپر منظور کر لی گئی، ایجنڈا مکمل ہونے پر پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج منگل دوپہر دو بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=596334