سیالکوٹ۔31مئی (اے پی پی):پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ میں ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ (کل) اتوار کو ہو گی، پولنگ کا عمل صبح8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے حلقے میں ضمنی انتخابات کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے۔
سابق ایم پی اے ارشد جاوید وڑائچ کی وفات سے خالی ہونے والی سیٹ پر 15امیدوار میدان میں ہیں۔ مذکورہ حلقے میں پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این)کی حنا ارشدوڑائچ ، پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی)کی جانب سے راحیل کامران چیمہ، تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی)کےرانا محمد شفاقت اور دیگر آزاد امیدوار حصہ لیں گے۔پی پی 52 سیالکوٹ میں 1696 پولنگ اہلکار اپنے فرائض سرانجام دیں گے جبکہ مذکورہ حلقے میں رجسٹرڈ مرد و خواتین ووٹرز کی کل تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 185 ہے۔
حلقے میں پولنگ اسٹیشنز کی کل تعداد 185 ہے جن میں 11 انتہائی حساس، 38 حساس اور 136 نارمل پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں۔صوبہ پنجاب کے حلقہ پی پی 52 سیالکوٹ کے ضمنی انتخاب کی نگرانی کے لیے صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر دیا گیا ہے۔
سیالکوٹ کے مذکورہ حلقے میں عوام کی شکایات کے لیے کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا۔یکم جون کو ہونے والے ضمنی انتخاب کے لیے کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گاجہاں عوام ضمنی انتخاب سے متعلق شکایات براہ راست درج کرا سکیں گے۔
صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوام سے ٹیلی فون، واٹس ایپ، ای میل اور دیگر کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے گا۔شہری اپنی شکایات صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب کے دفتر میں قائم کنٹرول روم میں ان نمبرز 042-99212209 ،042-99212620پر بھی درج کروا سکتے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603813