پنجاب الیکشن میں( ن) لیگ تمام سیٹیں جیت کر تاریخ رقم کرے گی،امیر مقام

57
پنجاب الیکشن میں( ن) لیگ تمام سیٹیں جیت کر تاریخ رقم کرے گی،امیر مقام

پشاور۔16جولائی (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ پنجاب الیکشن میں( ن) لیگ تمام سیٹیں جیت کر تاریخ رقم کرے گی،الیکشن میں شکست پی ٹی آئی کا مقدر ہوگا،پی ٹی آئی کو الزامات کے علاوہ کچھ آتا ہی نہیں ،ملک میں خدمت اور برداشت کی سیاست کو پروان چڑھایا جائے ،پاکستان ہم سب کا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز پشاور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر مقام نے کہا کہ4سال پی ٹی آئی کی حکومت رہی انہوں نے قبائلی عوام کیلئے کیا کیا؟ وزیر اعظم شہباز شریف قبائلی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کو ہر طرح ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نئے گورنر کی تعیناتی کے حوالے سے پی ڈی ایم میں کوئی اختلافات نہیں ہیں، (ن) لیگ کا کسی بھی جماعت سے خیبرپختونخوا کا گونر منتخب ہونے پر اعتراض نہیں ، مخلوط حکومت میں تما م فیصلے مشاورت سے ہوتے ہیں،اس لیے گورنر کی تعیناتی میں وقت لگ رہا ہے،

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو ڈاکٹرز نے جب اجازت دی وہ پاکستان آجائینگے۔انہوں نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں حصے کے حصول کیلئے پی ٹی آئی نے کیا کیا؟جتنی بھی کوششیں تھی وہ وزیر اعظم نواز شریف کے دور میں ہوئیں،نواز شریف کی دور حکومت میں 12 ہزار میگاواٹ بجلی کا اضافہ ہوا،پی ٹی آئی بتائے کہ ان کے 9سالہ دور حکومت میں کتنا اضافہ بجلی میں ہوا؟۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے خصوصی احکامات کے باعث خیبرپختونخوا میں سیلاب اور شدید بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے ورثا کیلئے10،10لاکھ روپے کا بھی اعلان کیا ہے جن کی ادائیگی جلد شروع کر دی جائیگی جبکہ سیلاب اور بارشوں سے جتنے بھی نقصانات ہوئے ہیں ان کے سروے کے بعد وفاقی حکومت کی جانب سے سیلاب زدگان کیلئے خصوصی پیکج کا بھی اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم اور ڈیزل کی قیمتوں میں بڑے پیمانے پر کمی کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے مہنگائی کے ستائے ہوئے عوام کیلئے بڑے پیمانے پر ریلیف قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی پر بھی پی ٹی آئی سیاست کر رہی ہے جو کہ انتہائی قابل افسوس بات ہے،تنقید برائے اصلاح ہو نی چاہئے تاہم انتشار کی سیاست سے اجتناب کیا جائے،مشکلات کا دورختم ہو گیا ہے ،پی ایم ایل(این)کی قیادت میں حکومت کی دانشمندانہ معاشی اور مالیاتی پالیسیوں کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں میں آسانیوں کی فراہمی اور آسانیاں لانے کا ایک نیا دور شروع ہوا جس نے معیشت کو دوبارہ پٹری پر لانا شروع کر دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بین الاقوامی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد مالی فائدہ عوام تک پہنچا دیا ہے اور بین الاقوامی مالیاتی اداروں کا اعتماد بحال کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت ملک میں تمام معاشی اور مالی پریشانیوں کی ذمہ دار ہے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت کے تفصیلی فیصلے نے سابق وزیراعظم عمران خان اور پی ٹی آئی قیادت کے پروپیگنڈے کو بے نقاب کر دیا ہے ،اس فیصلے سے جمہوریت کو مضبوط کرنے میں مدد ملے گی اور کسی بھی اسمبلی کا کوئی اسپیکر یا ڈپٹی اسپیکر مستقبل میں غیر آئینی اور غیر قانونی فیصلہ پاس نہیں کر سکے گا۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مثبت پالیسیوں کے باعث ہمارے روپے کی قدر میں تھوڑی بہتری آئی ہے،حکومت اور آئی ایم ایف معاہدہ ملک میں مہنگائی اور قیمتوں میں اضافے کو روکنے کے علاوہ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو کم کرنے میں بھی مدد دے گا۔