راوپنڈی۔ 22 مئی (اے پی پی):پنجاب انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے اضلاع کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ 26 مئی بروز پیر سے شروع ہونے والی انسداد پولیو مہم کے دوران اگر کوئی ورکر کوائف کی ہیر پھیر میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف سخت کاروائی کی جائے گی۔ انھوں نے یہ بات انسداد پولیو مہم کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئےکہی۔ جس میں36 اضلاع کے محکمہ صحت افسران نے ویڈیو لنک پر شرکت کی۔ انھوں نے اس موقع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سال کی تیسری قومی پولیو مہم کا آغاز پیر 26 مئی سے کیا جا رہا ہے جس کے لئے انسداد پولیو ٹیموں کی تربیت بروقت مکمل کی جائے۔
تربیت کے بغیر کسی ٹیم کو مہم میں شامل نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ گزشتہ مہم کے ویکسین سے محروم بچوں کو فالو اپ کیا جائے۔ چیلنجز کو چھپانے کی بجائے سامنے لایا جائے۔ کوائف کی ہیر پھیر برداشت نہیں کی جائے گی اور کوائف کی ہیر پھیر میں ملوث ورکروں کے خلاف کاروائی کی جائے گی۔ اگر بچوں کی انگلی پر نشان نہیں ملا تو وہ ویکسین سے محروم بچہ تصور کیا جائے گا۔ عدیل تصور نے زور دیتے ہوئے کہا کہ گرم موسم میں ورکر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ویکسین کولڈ چین کو برقرار رکھا جائے۔ اگلی مہم دو ماہ بعد منعقد ہو گی
لہذا اس مہم کی کوالٹی اہم ہے۔ مہم کے دوران 2 کروڑ 23 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600395