پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیورو سائنسز میں "نرسز کیلئے اعلی تعلیم” کے موضوع پر ورکشاپ کا انعقاد

97

لاہور۔1فروری (اے پی پی):پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز کی نرسنگ سپرنٹنڈنٹ آسیہ خانم نے کہا ہے کہ نرسنگ کا شعبہ ہیلتھ کے سسٹم کا بنیادی عنصر ہے جس کو نظر انداز کر کے طبی خدمات کی فراہمی کا تصور کسی طور بھی ممکن نہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ نرسز سپیشلائزیشن اور ریسرچ کو اپنا شعار بنائیں اور میڈیکل ایجوکیشن پر زیادہ سے زیادہ فوکس کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی آئی این ایس میں مریضوں کی بہتر نگہداشت اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لئے "نرسز کی اعلی تعلیم” کے موضوع پر منعقدہ ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں ہیڈ نرس محمودہ تبسم،شبنم زار،شگفتہ علی،ناہید اختر،روبینہ ارم، شیبہ ہارون،نرسنگ انسٹرکٹر ساجدہ نصرت

اسسٹنٹ نرسنگ انسٹرکٹرشازیہ کے علاوہ نرسنگ آفیسرز اور نرسنگ کالج لاہور جنرل ہسپتال کی طالبات نے کثیرتعداد میں شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ میڈیکل کے اس اہم ترین شعبے میں بہت سی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں جس سے نرسنگ کے شعبے سے تعلق رکھنے والوں کا مستقبل مزید تابناک اور روشن ہوگا۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کے ہسپتالوں میں ” پیشنٹ کئیر” اور” وارڈ مینجمنٹ” میں نرسز کو خصوصی ذمہ داریاں سونپی جاتی ہیں جس کی وجہ سے ہسپتال مینجمنٹ کا نہ صرف کام آسان ہو جاتا ہے بلکہ نرسیں بھی ڈاکٹرز کے شانہ بشانہ احسن انداز میں اپنے فرائض سر انجام دیتی ہیں۔ نرسنگ سپرنٹنڈنٹ نے مزید کہا کہ میڈیکل سائنس کی ترقی کے ساتھ ساتھ نرسنگ ایجوکیشن اور ٹریننگ کے شعبے میں بھی جدید رحجانات کا عنصر غالب ہے

اور آج کے دور میں روائتی نرسز کی بجائے اعلی تعلیم یافتہ اور سپیشلائزیشن نے اس شعبے کے معیار اور اہمیت کو مزید اجاگر کر دیا ہے جس کے لئے نرسنز کو مسلسل اعلی تعلیم کیلئے جدوجہد جاری رکھنا پڑتی ہے تاکہ وہ تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر چل سکیں۔ آسیہ خانم نے کہاکہ ڈاکٹرز کی طرح نرسز کو بھی اپنی پیشہ وارانہ قابلیت کو بہتر بنانے اور "پیشنٹ کئیر” کیلئے اپنی صلاحیتوں کو منوانے کیلئے سنجیدہ کوششیں،انتہائی محنت اور لگن کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے نرسز پر زور دیا کہ مریض کی شفایابی ادویات سے ممکن نہیں جبکہ ان کی بہتر نگہداشت اور سٹاف کا حسن سلوک ان کو بر وقت صحت یاب ہونے میں بہت مددگار ثابت ہوتا ہے۔

انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ نرسز کی پیشہ وارانہ سکلز کو بہتر بنانے اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کیلئے پروفیشنل ٹریننگ /کورسز وقت کی اہم ترین ضرورت ہے اور ایسی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد باقاعدگی سے ہوتا رہے گا تاکہ نرسیں اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتیں بہتر سے بہتر بنانے کے مواقع سے مستفید ہوتی رہیں۔