لاہور۔29فروری (اے پی پی):پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز (پنز)کے زیر اہتمام دنیا بھر میں نیورو سرجری کے شعبے میں جدید ترین ایجادات اور ان کے تکنیکی پہلوئوں پر سیمینار منعقد ہوا۔سیمینار میں جارج واشنگٹن یونیورسٹی امریکہ سے سینئر پروفیسر گلوبل نیورو سرجری ڈاکٹر گیل روسو اور اماس میڈیکل سینٹر امریکہ کے پروفیسر رچرڈ پیموسر نے امریکہ اور پوری دنیا میں نیورو سرجری میں ہونے والی تازہ ترین ایجادات اور دماغ کے ٹیومر کے لئے جین تھراپی پر لیکچرز دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نیورو سرجنز بہت با صلاحیت ہیں اور وہ تحقیق کے ذریعے عالمی نیورو سرجری میں مزید حصہ ڈال سکتے ہیں
جس کا اظہار بالخصوص پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسز جیسے ادارے میں بھرپور طریقے سے ہو رہا ہے جہاں دماغی امراض کے علاج معالجے کے لئے نہ صرف صوبہ پنجاب بلکہ ملک بھر سے مریضوں کی بڑی تعداد آتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی نیورو سرجنز کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ان کی مہمان نوازی کو سراہا۔ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیوروس سائنسز پروفیسر ڈاکٹر آصف بشیرنے اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے نیورو سرجنز کی بہترین تربیت جاری رکھیں گے جبکہ انہیں نیورو سرجری کی ایڈوانس تکنیک سیکھنے اور اس سے عملی طور پر بہرہ مند ہونے کیلئے بیرون ملک بھی بھیجیں گے تاکہ وہ اس حساس ترین شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پنز پہلے ہی سٹیٹ آف دی آرٹ ادارے کے طور پر جانا جاتا ہے جہاں دماغ کی رسولیوں، ہیڈ انجری اور برین ٹیومر سمیت دماغی امراض کے علاج معالجے کی بہترین سہولتیں میسر ہیں۔ سیمینار میں پروفیسر نذیر،پروفیسر طارق صلاح الدین،پروفیسر نوید اشرف،پروفیسر خالد محمود، پروفیسر عبدالحمید،پروفیسر سید شہزاد حسین، پروفیسر محسن ظہیر، پروفیسر جودت سلیم اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزسمیت کئی سینئر فیکلٹی نے شرکت کی۔