18.8 C
Islamabad
اتوار, فروری 23, 2025
ہومعلاقائی خبریںپنجاب ایئر ایمبولینس سروس اب تک70شدید بیمار و زخمی مریضوں کو دور...

پنجاب ایئر ایمبولینس سروس اب تک70شدید بیمار و زخمی مریضوں کو دور دراز اضلاع سے علاج کیلئے منتقل کر چکی ہے،ترجمان

- Advertisement -

لاہور۔23فروری (اے پی پی):حکومت پنجاب کی ایئر ایمبولینس سروس نے 70شدید بیمار اور زخمی مریضوں کو دور دراز علاقوں سے جدید طبی سہولیات سے آراستہ اسپتالوں میں کامیابی سے منتقل کیا ہے، ان میں سے 38مریض بہاولنگر، 25میانوالی، 2 رحیم یار خان، جبکہ بہاولپور، پاراچنار، کراچی، لاہور، اور سیالکوٹ سے ایک ایک مریض منتقل کیا گیا ہے۔

ایئر ایمبولینس کے ذریعے منتقل کیے گئے مریضوں میں 54 امراض قلب، 8 ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ، 2 شدید سر کی چوٹ، اور 6 دیگر بیماریوں میں مبتلا مریض شامل تھے۔اس موقع پر ترجمان پنجاب ایمرجنسی سروس نے کہا کہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کا آغاز ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا۔ ایک ایسی قابل اعتماد ایئر سروس تلاش کرنا ضروری تھا جو محض 30 منٹ کے نوٹس پر ایئر ایمبولینس فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو، تاکہ شدید بیمار اور زخمی مریضوں کو فوری طور پر جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتالوں میں منتقل کیا جا سکے۔ ابتدا میں کچھ ایئر ایجنسیز کو کئی مواقع دینے کے باوجود وہ ایمرجنسی صورت حال میں فوری مریض منتقلی کی بنیادی ضروریات پوری کرنے میں ناکام رہیں جس کی وجہ سے ایک موزوں سروس فراہم کنندہ کی تلاش ایک بڑا چیلنج بن گئی۔

- Advertisement -

تاہم اب پنجاب میں ایک مکمل فعال ایئر ایمبولینس سروس موجود ہے جس نے اب تک 70 شدید زخمی و بیمار مریضوں کو کامیابی سے منتقل کیا ہے۔ پنجاب ائیر ایمبولینس سروس خاص طور پر دور دراز علاقوں کے مریضوں، خصوصا بہاولنگر اور میانوالی کے مریضوں کے لیے امید کی کرن بن چکی ہے، انہیں خصوصی علاج تک فوری رسائی فراہم کر رہی ہے اور زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کررہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=565048

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں