پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام راولپنڈی کے علاقے جوڑیاں میں نئے ریسکیو اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا

4
Rescue 1122

راولپنڈی۔21جون (اے پی پی):پنجاب ایمرجنسی سروس ریسکیو 1122 کے زیرِ اہتمام راولپنڈی کے علاقے جوڑیاں میں نئے ریسکیو اسٹیشن کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی رکن پنجاب اسمبلی چوہدری نعیم اعجاز تھے جنہوں نے فیتہ کاٹ کر اسٹیشن کا افتتاح کیا۔ ترجمان ریسکیو 1122 راولپنڈی کے مطابق جوڑیاں میں اس نئے ریسکیو اسٹیشن کے قیام سے چک بیلی خان اور گردونواح کے علاقوں میں ایمرجنسی خدمات کی فراہمی میں نمایاں بہتری آئے گی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چوہدری نعیم اعجاز نے کہا کہ ریسکیو 1122 کی خدمات پورے پنجاب میں عوام کے لیے ایک قابلِ فخر مثال بن چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس اسٹیشن کے قیام سے مقامی آبادی کو فوری، معیاری اور مؤثر ایمرجنسی سہولیات میسر آئیں گی۔ ہماری حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ ہر شہری کو ہنگامی حالات میں بروقت مدد فراہم کی جائے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی انجینئر صبغت اللہ نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہمیشہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے صفِ اول پر موجود رہی ہے اور چک بیلی خان کے گردونواح میں بھی اسی جذبے کے تحت خدمات سر انجام دی جائیں گی۔

تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی نے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر اور ریسکیو اہلکاروں کے ہمراہ نئے ریسکیو اسٹیشن کا دورہ کیا اور ایمرجنسی گاڑیوں و آلات کا تفصیلی معائنہ بھی کیا۔ یہ اقدام راولپنڈی کے باسیوں کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جو ایمرجنسی حالات میں فوری مدد کی دستیابی کو یقینی بنائے گا۔