پنجاب ایمرجنسی سروس نے ماہ جون کے دوران 190,212ایمرجنسی متاثرین کوریسکیو سروسز فراہم کیں، ڈاکٹر رضوان نصیر

142
Dr. Rizwan Naseer.
Dr. Rizwan Naseer.

لاہور۔1جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے ماہ جون کے دوران پنجاب بھر میں 199,253 ایمرجنسیز پر بر وقت رسپانس کرتے ہو ئے190,212ایمرجنسی متاثرین کو ریسکیوسروسز فراہم کیں۔انہوں نے گزشتہ ماہ کے دوران40,118 روڈ ٹریفک حادثات میں395 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔وہ گزشتہ روز ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز میں منعقدہ ماہانہ آپریشنل کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ،جس میں ریجنل ایمرجنسی آفیسرز، پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے جبکہ اس آپریشنل جائزہ اجلاس میں مانیٹرنگ آفیسر اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ونگز کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔

پنجاب بھر کے ضلعی ایمرجنسی افسران نے میجرایمرجنسیز،کیس سٹڈیز،درپیش چیلنجز اوراہم اقدامات سمیت اپنی آپریشنل کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔اس موقع پر سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کو ماہانہ ایمرجنسی اعدادوشمار کے بارے میں آگاہ کیا گیا جس میں بتایا گیا کہ گزشتہ ماہ ریسکیو سروس نے 199,253 ایمرجنسیز پر بروقت رسپانس کیا، 199,253 ایمرجنسیز میں سے 130,706 میڈیکل ایمرجنسیز تھیں جبکہ 40,118 روڈ ٹریفک حادثات، 4,685 جرائم کے واقعات، 4,563 گرنے اور سلپ ہونے کے واقعات، 4,381 آتشزدگی کے واقعات،4,346 ڈیلیوری کیسز،2,220 پیشہ ورانہ کام کے دوران زخمی ہونے کے واقعات، 1,324 کرنٹ لگنے کے واقعات، 1,264 جانوروں کو ریسکیو کرنے کے واقعات، 222 ڈوبنے کے واقعات، 52 عمارتیں گرنے اور5,372 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل تھیں۔ایمرجنسی اعداد و شمار کے مطابق پنجاب میں گزشتہ ماہ کے دوران 40,118 روڈ ٹریفک حادثات میں 395 افراد جاں بحق ہوئے،

ان ٹریفک حادثات میں سے زیادہ تر 8,032 ٹریفک حادثات لاہور میں ہوئے جن میں31 افراد جاں بحق ہوئے۔اسی طرح فیصل آباد میں 2,920،ملتان میں 2,461، گوجرانوالہ میں 2,230،شیخوپورہ میں 1,486 اور راولپنڈی میں 1,471 جبکہ باقی 21,518 حادثات پنجاب کے باقی30 اضلاع میں رونما ہوئے۔اسی طرح آگ لگنے کے سب سے زیادہ واقعات بڑے اضلاع میں ہوئے جن میں لاہور میں 992،راولپنڈی میں 365، فیصل آباد میں 287، گوجرانوالہ میں 206،سیالکوٹ میں 186اوراٹک میں 175 واقعات پیش آئے۔ڈاکٹر رضوان نصیر نے حادثات کے اعداد و شمار کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد گزشتہ ماہ کے دوران40,118 روڈ ٹریفک حادثات میں 395 افراد کی ہلاکتوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

انہوں نے موٹر سائیکل سواروں سے گزارش کی کہ وہ روڈ سیفٹی کے اقدامات کو اپنائیں اور اپنی رفتار کی حد کو 50 کلومیٹر فی گھنٹہ سے کم رکھیں،سڑک پر سفر کے دوران تمام لوگوں کوٹریفک قوانین پر عمل کرنا چاہیے اور موٹرسائیکل سواروں کو ہمیشہ موٹربائیک بائیں لین میں چلانی چاہیے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے والدین سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کو کبھی بھی موٹر سائیکل یا کار چلانے کی اجازت نہ دیں۔ ڈاکٹر رضوان نے مزید زور دیا کہ حادثات سے بچائو اور روک تھام کو فروغ دینے کے لیے افراد معاشرہ کو اپنے رویہ میں مثبت تبدیلی کی ضرورت ہے۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز نے کہا کہ انسانی جانوں کوبچانے اور سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لیے عوام الناس کو ریسکیو سروس کے شانہ بشانہ کام کرنا چاہیے۔