چنیوٹ۔ 23 اکتوبر (اے پی پی):ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے ٹھٹھی بالا راجہ اور ترکھانہ والا کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کو ریسکیو 1122 کنٹرول روم سے منسلک کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد ویلج ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی صلاحیتوں کو جانچنا نیز مقامی ایمرجنسیز پر رسپانس کا آغاز کرنا تھا۔
دور دراز دیہی علاقوں میں ایمرجنسی کی صورت حال میں کنٹرول روم مقامی رضا کاروں کو بھی کال دے گا جو کہ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیم کے پہنچنے سے پہلے فوری موقع پر پہنچ کر لوگوں کو مدد فراہم کر سکیں گے جو کہ رضا کارانہ طور پر اپنے علاقوں میں ڈیوٹی سر انجام دیں گے جن کا باقاعدہ ڈیوٹی روسٹر اور رابطہ نمبرز ریسکیو 1122 کنٹرول روم کو مہیا کر دیے گئے ہیں۔
مقامی رضا کاروں کو فرسٹ ایڈ اور ایمرجنسی رسپانس کے بارے میں خصوصی تربیت فراہم کی گئی ہے جن کے پاس بنیادی طبی امداد کا سامان موجود ہے جس میں فرسٹ ایڈ بوکس تھرمامیٹر، بی پی اپریٹس، ورکنگ گلوز، سپلنٹ، پٹیاں، ہیلمٹ، ٹارچ لائٹ اس کے علاوہ سپائن بورڈ، DCP سلنڈر، میگا فون، کرو بار، بیلچے، ہتھوڑا، بالٹیاں، لائف بوائے، فائر مین ایکس، لائف جیکٹ اور چھتریاں وغیرہ شامل ہیں.
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر طاہرہ خان نے کہا کہ یہ اقدام مقامی کمیونٹی کو ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مزید مستحکم بنائے گا اور حادثات یا ناگہانی صورتحال میں انسانی جانوں کو بچانے میں مددگار ثابت ہوگا.ابتک مقامی رضا کاروں نے ریسکیو 1122 کی ایمبولینس پہنچے سے پہلے 1 روڈ ٹریفک ایکسڈنٹ اور 1 میڈیکل کی ایمرجنسی پر فوری رسپانس کر کے مریضوں کو فرسٹ ایڈ فراہم کی اور ایمبولینس میں شفٹ کروایا ہے۔