پنجاب (اے) پنجاب (بی) خیبر پختونخوا (اے) اور خیبر پختونخوا (بی) کی ٹیمیں بین الصوبائی انڈر 19 ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں داخل

54

راولپنڈی، (اے پی پی) پنجاب (اے) پنجاب (بی) خیبر پختونخوا اے اور خیبر پختونخوا (بی) نے بین الصوبائی انڈر 19 ہاکی چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ سیمی فائنل مقابلے (کل) ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) کے زیر اہتمام بین الصوبائی انڈر 19 ہاکی چیمپئن شپ شہناز شیخ ہاکی سٹیڈیم، راولپنڈی میں جاری ہے، گزشتہ روز کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے پہلے کوارٹر فائنل میں پنجاب (اے) نے پنجاب (سی) کو دلچسپ مقابلے کے بعد 4-2 سے ہرایا، فاتح ٹیم کی طرف سے رضوان علی، ذوالقرنین، غضنفر علی اور علی رضا نے ایک ایک گول کیا۔ دوسرے کوارٹر فائنل میں پنجاب (بی) نے سندھ (اے) کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی، ابوزر اور محمد عبداللہ نے پنجاب (بی) کی جانب سے گول کئے۔ تیسرے کوارٹر فائنل میں خیبر پختونخوا (اے) نے سندھ (بی) کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 6-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی، فاتح ٹیم کی جانب سے عثمان خان نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے تین گول سکور کئے۔ چوتھے اور آخری کوارٹر فائنل میں خیبر پختونخوا (بی) نے بلوچستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2-1 سے شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کی، کے پی کی (بی) کی طرف سے اسماعیل اور زرین نے ایک ایک گول کیا۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل (کل) ہفتہ کو کھیلے جائیں گے، پہلا سیمی فائنل پنجاب (اے) اور پنجاب (بی) جبکہ دوسرا سیمی فائنل خیبر پختونخوا (اے) اور خیبر پختونخوا (بی) کی ٹیموں کے مابین کھیلا جائے گا۔