اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سے پنجاب بار کونسل کے وفد نے ملاقات کی۔ پنجاب بار کونسل نے اپنے انتخابات بائیو میٹرک طریقہ سے کروانے کے لئے حکومت سے سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر چوہدری فواد حسین نے کہا کہ حکومت پنجاب بار کونسل کو الیکٹرانک ووٹنگ کی سہولت فراہم کرے گی، وکلاءبرادری کو الیکٹرانک ووٹنگ کے بارے میں ڈاکٹر بابر اعوان اور علی ظفر کے ہمراہ بریفنگ دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وکلاءبرادری کے مسائل سے آگاہ ہے، وکلاءکی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ینگ لائرز کو کامیاب جوان پروگرام کے تحت 10 لاکھ روپے تک کا قرضہ فراہم کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت وکلاءکے لئے ہاؤسنگ کالونیاں بنانے کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے جبکہ وکلاءکو صحت کارڈز فراہم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے۔
انہوں نے کہا کہ وکلاءبرادری کو قومی ایشوز پر قائدانہ کردار ادا کرنا چاہئے۔ پنجاب بار کونسل کے ارکان نے وفاقی وزیر کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا جس پر وفاقی وزیر نے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔
پنجاب بار کونسل کے عہدیدااران میں وائس چیئرمین امجد اقبال خان، انٹرا پراونشل اینڈ فارن افیئرز کمیٹی کے چیئرمین منیر حسین بھٹی اور کونسل کے ارکان راجہ ظفر اقبال، چوہدری محمد اشفاق کہوٹ، رانا ضمیر احمد جھڈو، آصف شہزاد چوہدری، فرخ عارف بھٹی، چوہدری سہیل شمشاد ایڈووکیٹ، ظفر اقبال منگن ایڈووکیٹ، وسیم اصغر ایڈووکیٹ، کامران منجد ایڈووکیٹ اور ندیم طاہر، سیکشن آفیسر شامل تھے