لاہور۔6فروری (اے پی پی):ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گز شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1270ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں 576افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ترجمان کے مطابق851معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔
ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77فیصد)موٹر سائیکل حادثات کی ہے۔ ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 794ڈرائیورز،56کم عمرڈرائیورز، 507مسافراور137پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔
اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ216ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت277متاثرین کے ساتھ پہلے،فیصل آباد 93حادثات میں 103متاثرین کے ساتھ دوسر ے جبکہ ملتان85حادثات میں 99متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔
واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1438متاثرین میں 1186مرد اور252خواتین شامل ہیں ۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں 1196موٹرسائیکل،86آٹورکشے،138کاریں،24وین،10مسافر بسیں،26ٹرک اور111دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔