لاہور۔18مارچ (اے پی پی):سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر چیف وائلڈلائف رینجر کی زیر نگرانی پنجاب بھر میں مہمان آبی پرندوں کے غیرقانونی شکاریوں کا تعاقب بھرپور انداز سے جاری ہے جس کے نتیجے میں صوبہ کے مختلف مقامات جھنگ ، چنیوٹ ،قصور ، تونسہ بیراج اور مظفر گڑھ سے مرغابی کے غیرقانونی شکارمیں مشغول 8شکاری رنگے ہاتھوں گرفتارکرکے5شکاریوںکو ایک لاکھ سے زائد جرمانہ کیساتھ مزید کاروائی شروع کردی گئی ہے۔
تر جمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جھنگ اور چنیوٹ کے مختلف مقامات سے مرغابی کے غیرقانونی شکار میں مشغول 3شکاریوں کو گرفتار کرکے انہیں 70ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ جبکہ ناجائز قبضہ تیترپر ایک ملزم کو 10ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کیا،کوٹ رادھا کشن کے علاقہ سے مرغابی کے ایک غیرقانونی شکاری کو گرفتار کرکے مبلغ 30ہزار روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا گیا، ایسی ہی دو مختلف کارروائیوں کے دوران وائلڈلائف سٹاف مظفر گڑھ اور تونسہ نے مرغابی کے غیرقانونی شکاریوں کا تعاقب کرکے ایک ملزم گرفتار کرکے چار بندوقیں ، ایک ڈبل بیرل ،2سنگل بیرل ، ایک ریپیٹر،12کارتوس ،3خول ،10ڈیکائے اور 2ذبح شدہ مرغابیاں برآمد کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573744