لاہور۔24اپریل (اے پی پی):پنجاب بھر میں چیف وائلڈلائف رینجر مدثر ریا ض ملک کی زیر نگرانی جنگلی جانوروں اور پرندوں کے غیرقانونی شکاراو ر کاروبارکے خلاف کارروائیوں کاسلسلہ بدستور جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق سینئروزیر مریم اورنگزیب کی ہدایت پر ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجرگوجرانوالہ ریجن زاہد اقبال شیخ کی سربراہی میں وائلڈلائف سٹاف نارووال نے پنجاب رینجرز کے تعاون سے پکڑے جانے والے پاڑہ ہرن کے 2غیرقانونی شکاریوں سے ایک ذبح شدہ پاڑہ ہرن برآمد کرکے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کیااور ملزمان کی کیس کمپا ئونڈ کرنے کی درخواست پر مبلغ 3لاکھ روپے محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ عائد کرکے کیس نمٹادیا ۔
اسی طرح کی دو مختلف کارروائیوں کے دوران ڈپٹی چیف وائلڈلائف رینجر ڈی جی خان ریجن سخی محمد جوئیہ کی سربراہی میں اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ڈی جی خان اور مظفر گڑھ نے اپنی ٹیم کے ہمراہ بدیسی جنگلی پرندوں کاناجائز کاروبارکرنےوالے ڈیلر سے 4لاٹینولوبرڈز جبکہ ایک غیرقانونی شکاری سے ایک گن اور ایک ذبح شدہ تلیئربرآمد کرکے وائلڈلائف ایکٹ کی خلاف ورزی پرچالان مرتب کئے اور قانونی کارروائی شروع کردی اور ضبط شدہ پرندوں کو عدالتی حکم پر ڈی جی خا ن چڑیاگھر میں آزاد کردیا۔