لاہور۔24اگست (اے پی پی):پنجاب میں چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی قیادت میں جنگلی جانوروں و پرندوں کے غیر قانونی شکار ،کاروبار اور قبضہ کیخلاف صوبہ بھر میں کریک ڈان جاری ہے جس کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے 36 ملزمان گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے 321 پرندے اور 21 نیٹنگ گئیرز برآمد کرکے 9 کو 3لاکھ 61 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا، 5 کیخلاف ایف آئی آرز درج جبکہ بقیہ کیخلاف قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ کارروائیاں ضلع لاہور،قصور، فیصل آباد ،جھنگ ،خانیوال،ملتان، لودھراں ،اوکاڑہ،منڈی بہاوالدین ،ساہیوال،سرگودھا، میانوالی، بہاولپور،مظفر گڑھ ،ڈی جی خان ،راجن پور، گجرات ،بھکراور بہاولنگر میں کی گئیں۔ ملزمان سے بازیاب کروائے گئے جنگلی پرندوں میں بٹیر،تیتر، فاختائیں ،چکور ،مور اور انواع واقسام کے طوطے شامل ہیں۔زیادہ تر جنگلی پرندے عدالتی احکامات پر قدرتی ماحول میں آزاد کر دئیے گئے ہیں ۔
کریک ڈان میں ڈپٹی چیف وائلڈ لائف رینجر سجاد حسین ، شیخ زاہد اقبال کے علاوہاسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرمنور حسین نجمی،طارق عباس سمیتمتعلقہ تمام اضلاع کے ہیڈ وائلڈ لائف رینجرز ،سینئر وائلڈ لائف رینجرز اور وائلڈ لائف رینجرز نے بھرپور حصہ لیا اور اس بڑے پیمانے پر جنگلی پرندوں کی بازیابی ممکن بنائی ۔
قابلِ ذکرامر ہے کہ سیکرٹری جنگلات مدثر ریاض ملک ، چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی اور ایڈیشنل چیف وائلڈ لائف رینجر سید کامران افضل بخاری ہمہ وقت اس آ پریشن کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔