پنجاب ثقافتی دیہاڑ کے حوالے سے’’سوہنا پنجاب‘‘کے عنوان سے نمائش،پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام’’پنجاب ثقافت دیہاڑ ‘‘منایاگیا

174
پنجاب ثقافتی دیہاڑ کے حوالے سے’’سوہنا پنجاب‘‘کے عنوان سے نمائش،پنجاب کونسل آف دی آرٹس کے زیر اہتمام’’پنجاب ثقافت دیہاڑ ‘‘منایاگیا

راولپنڈی۔14مارچ (اے پی پی):پنجاب کی تہذیب و ثقافت اپنے حسن اور دلپذیری کے باعث پوری دنیا میں مشہور ہے،کسی بھی علاقے کی پہچان اس کی ثقافت سے ہوتی ہے،زندہ قومیں ہمیشہ اپنی تہذیب اور روایات پر فخر کرتی ہیں اور ان کے فروغ میں اپنا حصہ ڈالتی ہیں،ضرورت اس امر کی ہے کہ سال میں صرف ایک دن ثقافت کو دینے کی بجائے ہم سارا سال اپنی تہذیب و ثقافت پر فخر کریں۔

ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی و کوآرڈینیٹر وزیر اعلیٰ پنجاب شازیہ رضوان نے پنجاب آرٹس کونسل میں ثقافتی دیہاڑ کے حوالے سے ’’سوہنا پنجاب‘‘کی نمائش کے افتتاخ کے موقع پر کیا۔مہمان خصوصی شازیہ رضوان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب کی ثقافت،تہوار،کھانے،ملبوسات اور قدیم مقامات اپنے اندر ہزاروں رنگ سموئے ہوئے ہے، ہم اپنے آباؤ و اجداد کے اعلی افکار و عمل کے امین ہیں جسے زندہ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،

یہ ملک کی ترقی،سلامتی و سربلندی کیلئے اپنی توانائیاں وقف کرنے کے عزم کا دن ہے،خواہ ہمارا تعلق پاکستان کے کسی بھی حصہ سے ہو،ہم پاکستانی ہیں،پنجاب کی دھرتی عظیم و الشان تہذیبوں کی وارث ہے،جسے دنیاکے سامنے پیش کرنے پر فخر ہے۔ آرٹس کونسل آمد پر مہمان خصوصی کو چنری بھی پہنائی گئی۔

ڈائریکٹر محمد شکور کا کہنا تھا کہ تہذیب وثقافت کسی بھی قوم کا آئینہ ہوتی ہے،قوموں کے درخشاں مستقبل کے لئے تہذیبی اقدار چراغ راہ کی حیثیت رکھتی ہیں،مثبت تہذیبی و ثقافتی اقدار کے فروغ سے سماج میں امن و سلامتی کے پھول کھلتے ہیں۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد سلیمان کا کہنا تھا کہ دنیا میں وہی قومیں زندہ و پائندہ کہلاتی ہیں جو تہذیب یافتہ ہوں،وہی معاشرہ کامیاب و کامران ہوتا ہے جس کی ثقافت پائیدار ہو،وہی ملک ترقی کر سکتا ہے جس کی جڑوں میں جاندار تہذیب اور مثبت ثقافت کی آبیاری ہورہی ہو،

وہی معاشرہ امن کا گہوارہ بن سکتا ہے جہاں صحیح معنوں میں مثبت تہذیب و ثقافت فروغ پا رہی ہو۔ نمائش میں خرم بابری اور محمد یونس رومی کے فن پارے رکھے گئے تھے۔ جڑواں شہروں سے لوگوں کی بڑی تعداد نمائش میں شریک ہوئی۔