پنجاب حکومت اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ریلیف دینے کیلئے سرگرم ہے، عظمی بخاری

136

لاہور۔16مارچ (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات عظمی بخاری اور صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے ڈی جی پی آر ہیڈ آفس میں نگہبان ریلیف پیکج اور رمضان المبارک میں پرائس کنٹرول میکنزم بارے مشترکہ کانفرنس کی۔ پریس کانفرس سے خطاب میں صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت ہر ممکن کوشش کر رہی ہے کہ ہر صورت عوام کو ریلیف دے سکے۔

ہماری حکومت کا مشن ہے کہ وہ غریب کا خیال رکھے اور ضروریات زندگی کی قیمتیں کم ہوں۔ ہماری حکومت کو آتے ہی رمضان المبارک میں مہنگائی کو کنٹرول کرنا ایک چیلنج تھا۔ انکا کہنا تھا کہ بغیر قطار اور انتظار کے 65 لاکھ افراد کو انکی دہلیز پر نگہبان پیکیج کے ذریعے راشن مہیا کیا جا رہا ہے۔

تاریخ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ اتنے بڑے پروگرام میں کوئی بڑی شکایت سامنے نہیں آئی۔ جو چھوٹی موٹی شکایات آئیں ہم نے انکو ٹھیک کر کے معاملات بہتر کرنے کی کوشش کی۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار نگہبان رمضان پیکیج اور ماڈل بازار ایک ساتھ چل رہے ہیں۔ قیمتیں کنٹرول کرنے کیلئے مجسٹریٹس کو پراپر ٹریننگ دی گئی ہے، ڈیش بورڈز کے ذریعے انکی مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے ۔

پنجاب کی عوام اس بات کو مان رہے ہیں کہ اشیا خورونوش کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔ عظمی بخاری نے مزید کہا کہ سی ایم پنجاب مریم نواز صاحبہ کا کہنا ہے کہ وہ آلو ، ٹماٹر اور پیاز سمیت سب چیزوں کی قیمتیں کم کرنے کے لئے آئی ہیں۔ ہمارے ملک میں ایک وزیر اعظم ایسا بھی گزرا ہے جو کہتا تھا کہ میں چیزوں کی قیمتیں کم کرنے کیلئے نہیں آیا۔ ہماری حکومت طے شدہ ٹارگٹ سے آگے جا رہی ہے، دس رمضان تک لوگوں کو ان کی دہلیز تک راشن پہنچانے کا کام مکمل ہو جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ایڈمنسٹریٹو خرچے کم سے کم ہوں اور سبسڈی براہ راست عوام تک پہنچے۔سی ایم پنجاب نے ایک نئے سروے کا اعلان کیا ہے، اس سے اگلے رمضان تک ڈیٹا مرتب ہو جائے گا۔پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک بلال یاسین کا کہنا تھا کہ نگہبان ریلیف پیکج کے تحت 65 لاکھ افراد کو گھر کی دہلیز پر عزت سے فوڈ ہیمپرز دیئے جا رہے ہیں۔30 ارب کی خطیر رقم سے عوام کو تاریخی اور شفاف ریلیف پیکج دیا جا رہا ہے۔ پنجاب میں 50 فیصد سے زائد ٹارگٹ اچیو کر لیا گیا ہے۔

بہتر مینجمنٹ اور سپلائی میں اضافے سے پیاز، ٹماٹر اور آلو کی قیمتیوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ4 دنوں میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے 3 لاکھ معائنے کیئے، 29148 خلاف ورزیاں سامنے آئیں اور گراں فروشی پر 794 ایف آئی آر درج کر کے 2221 افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ مجموعی طور پر 2 کروڑ 65 لاکھ روپے جرمانہ بھی کیا جاچکا ہے۔ چند دنوں میں اشیائے خورونوش کی قیمتیں مزید نیچے لے آئیں گے۔

بلال یاسین کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب میں 51 ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس پر 25 فیصد کے رعایتی نرخوں پر 13 آئٹمز دستیاب ہیں۔ فوڈ ہیمپر میں اعلی کوالٹی کی اشیاء کی فراہمی یقینی بنا رہے ہیں۔ فوڈ اتھارٹی ٹیمیں پیکنگ کے دوران اشیاء کی کوالٹی کو چیک کر رہی ہیں۔

قیمتیں نیچے لانے کیلئے وزرا ضلعی انتظامیہ کیساتھ منڈیوں میں آکشن کے عمل میں شریک ہو رہے ہیں۔ کابینہ کمیٹی کی کاوشوں سے کوکنگ آئل ایسوسی ایشن نے فی لٹر 15 روپے کمی کی ہے۔ پولٹری ایسوسی ایشن نے بھی مرغی کی قیمت میں 25 روپے کمی کی ہے۔