ساہیوال۔ 20 فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے رات گئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا۔ انہوں نے کارڈیک،آرتھو پیڈک،چلڈرن وارڈز اور ایمرجنسی کا معائنہ کیا۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی اور ایم ایس ڈاکٹر سلیم فرید گوندل بھی ہمراہ تھے۔ صوبائی وزیر نے مریضوں کی خیریت دریافت کی اور ادویات کی مفت دستیابی بارے دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے کو خصوصی اہمیت دے رہی ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز مراکز صحت پر بنیادی طبی سہولیات یقینی بنا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈی ایچ کیو کی تمام بنیادی ضروریات پوری کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کونسل کے فنڈز سے کارڈیک وارڈ کے لیے مانیٹرز اور پلس آکسی میٹر فوری خریدے جائیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر حصیف رضا نے کارڈیک وارڈ میں دستیاب سہولیات بارے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ مریضوں کی سہولت کے لیے ایمرجنسی کو مزید بہتر کیا جائے۔انہوں نے ہسپتال کی فارمیسی بھی چیک کی اور ادویات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مریض ادویات کی عدم دستیابی کی شکایت نہ کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز کم وسائل کے باوجود بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے سی ای او ہیلتھ کو ہسپتال کی ری ویمپنگ کے لیے جامع سکیم تیار کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ اگلے مالی سال کے بجٹ میں ہسپتال کو ماڈرن بنانے کا منصوبہ شامل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی کی کارکردگی کو سراہا اور ہسپتال میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔