پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے،عظمی بخاری

وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جو صوبے کی مالی نظم و ضبط، بہتر حکمتِ عملی اور موثر گورننس کا واضح ثبوت ہے

لاہور۔17جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے تیسرا سرپلس بجٹ پیش کر کے ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے، جو صوبے کی مالی نظم و ضبط، بہتر حکمتِ عملی اور موثر گورننس کا واضح ثبوت ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تعلیم، صحت اور سماجی شعبے کو خصوصی ترجیح دی گئی ہے تاکہ عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کی جا سکیں۔ پنجاب کا کسان اس بجٹ میں سب سے زیادہ ریلیف حاصل کرنے والوں میں شامل ہے، جو حکومت کی زرعی معیشت سے وابستگی کو ظاہر کرتا ہے۔عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب کا ترقیاتی بجٹ صرف کاغذی اعداد و شمار تک محدود نہیں بلکہ عملی طور پر زمین پر واضح نظر آ رہا ہے۔ صوبائی حکومت اپنے وسائل کے ذریعے تمام ترقیاتی منصوبے اسی رفتار سے جاری رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھر،ستھرا پنجاب،آسان کاروبارسمیت تمام بڑے فلاحی اور ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں جاری رہیں گے۔ پنجاب میں الیکٹرک بسوں کا جال 147 تحصیلوں تک پھیلایا جا رہا ہے تاکہ عوام کو جدید اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب میں ترقی اب صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رہی بلکہ اٹک سے وہاڑی اور رحیم یار خان تک ترقیاتی ثمرات پہنچ چکے ہیں اور صوبے کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز نے مختصر عرصے میں گزشتہ سالوں کی محرومیوں کا ازالہ کیا ہے، جس کے باعث عوامی اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔عظمی بخاری نے مزید کہا کہ سیاسی شعبدہ بازی اور دھرنوں کی سیاست کے مقابلے میں خدمت کی سیاست کامیاب ہو چکی ہے اور حکومت کی کارکردگی ہی اس کی اصل پہچان ہے۔