لاہور۔29مارچ (اے پی پی):پنجاب حکومت نے اقلیتی برادریوں کے مسائل کے حل اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے38 ارکان پر مشتمل "مینارٹی ایڈوائزری کونسل پنجاب” (MACP) کے قیام کا اعلان کردیا، کونسل میں مسلم ، سکھ ، ہندو اور خواتین ممبرز شامل ہیں۔صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کونسل کے چیئرمین مقرر،سینئر سیاسی رہنما کامران بھٹی نائب چیئرمین اور عاقب عالم کو کنوینیئر منتخب کیا گیا ہے۔ کونسل کی مدت تین سال ہوگی،تاہم حکومت کو اسے قبل از وقت تحلیل کرنے کا اختیار حاصل ہے، وزیر اعلی پنجاب کو کسی بھی رکن، بشمول چیئرمین، نائب چیئرمین یا کنوینیئر کو معطل یا برطرف کرنے کا اختیار حاصل ہے۔
اس حوالے سے سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ کونسل حکومت کو اقلیتی برادریوں کے مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے مشورے دے گی، کونسل ترقیاتی منصوبوں کی تجویز بھی کرے گی تاکہ اقلیتی برادریوں کی معیار زندگی کو بہتر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ MACP کے تمام ارکان بشمول چیئرمین، نائب چیئرمین اور کنوینیئر کو کسی بھی مالی معاوضہ کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔رمیش سنگھ ارڑوہ نے یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت اقلیتی برادریوں کی حمایت کے لیے پر عزم ہے اور MACP ان کے حقوق کے تحفظ و شکایات کے حل میں اہم کردار ادا کرے گی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=577237