پنجاب حکومت کا خواتین کے تحفظ کی جانب اہم قدم،لاہور میں جدید ویمن پروٹیکشن سنٹر قائم

188

لاہور۔24فروری (اے پی پی):چیئرپرسن پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے لاہور میں جدید سہولیات سے آراستہ ویمن پروٹیکشن سنٹر کا افتتاح کیا۔یہ سنٹر ملتان کے بعد پنجاب میں قائم ہونے والا دوسرا سٹیٹ آف دی آرٹ پروٹیکشن سینٹر ہےجس کا مقصد خواتین کو فوری قانونی مدد اور تحفظ فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ پنجاب حکومت خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور اسی سلسلے میں پروٹیکشن اتھارٹی کے سینٹرز کیلئے قانون پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سینٹر میں خواتین کی شکایات درج کرنے کیلئے فرنٹ ڈیسک قائم کیا گیا ہے،جہاں انہیں فوری قانونی مدد فراہم کی جائے گی۔سینٹر میں لاآفیسر،ماہر نفسیات اور پولیس پروٹیکشن کی سہولت بھی دستیاب ہوگی جبکہ خواتین کے ساتھ آنے والے بچوں کے لیے ایک پلے ایریا بھی بنایا گیا ہے تاکہ وہ محفوظ ماحول میں وقت گزار سکیں۔

حنا پرویز بٹ نے مزید کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نواز صوبے کو خواتین کے لیے محفوظ بنانے کے وژن پر کام کر رہی ہیں اور لاہور پروٹیکشن سینٹر کا قیام اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کی ترقی محض وقتی مسائل کا حل نہیں بلکہ نظام کی بہتری اور تبدیلی ہے،اسی لئے پنجاب حکومت اداروں کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔

تقریب میں پولیٹیکل قونصلر برٹش ہائی کمیشن زوئی وار اور ہیڈ آف آفس پنجاب برٹش ہائی کمیشن بن واررٹن نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کلثوم ثاقب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم اور صحت کی سہولیات ہر عورت کا بنیادی حق ہیں اور اس سینٹر کا قیام بے حد ضروری تھا۔انہوں نے کہا کہ ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کم وسائل میں کام کر رہی ہے،اس سینٹر کے قیام کا مقصد خواتین کو ایک ہی جگہ تمام ضروری سہولیات فراہم کرنا ہے۔ویمن پروٹیکشن سینٹر میں خواتین کو قانونی معاونت،پولیس پروٹیکشن اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔پنجاب ویمن پروٹیکشن سینٹر کی ہیلپ لائن1737 ہے،جہاں خواتین کسی بھی ہنگامی صورتحال میں مدد حاصل کر سکتی ہیں۔