پنجاب حکومت کا ماحولیاتی بہتری کیلئے زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ، لاہور کو دنیا کا سرفہرست صاف ستھرا شہر بنائیں گے، مریم اورنگزیب

69
Maryam Aurangzeb

لاہور۔23نومبر (اے پی پی):سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ماحولیاتی بہتری اور سموگ سے بچائو کے لئے پنجاب حکومت نے صوبے کی تمام سرکاری و نجی ہائوسنگ سوسائٹیز پر فوکس کرنے اور لاکھوں ایکڑ بے کار پڑی زمین پر زرعی جنگل لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہفتہ کے روز یہاں جاری اپنے ایک بیان میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ درختوں اور شجر کاری میں اضافے سے فضائی آلودگی کا خاتمہ اور آکسیجن کی مقدار بڑھے گی۔

انہوں نے کہاکہ یہ منصوبے سموگ اورفضائی آلودگی کے خاتمے کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کے مختصر، درمیانی اور طویل المدتی ویژن کا حصہ ہیں ، ہائوسنگ سوسائٹیوں میں درختوں کی تعداد بڑھائی اور شہروں کے اندر و شاہراہوں کے کنارے درختوں کی مقدار میں اضافہ کیا جائے گا،لاہور کے گردونواح میں درختوں کا وسیع حفاظتی دائرہ بنانے پر کام شروع کر دیا گیا ہے ،درخت بڑھیں گے تو انسانی سانس چلے گی۔ انہوں نے اپیل کی کہ عوام اور اداروں کو مل کر یہ جہاد کرنا ہوگا ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ خراب گاڑیاں سڑکوں پر نہیں چلنے دیں گے،وکس اسٹیشن سے گاڑی کاسرٹیفائیڈ ہونا لازمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ تحفظ ماحولیات (ای پی اے) کے صنعتی یونٹس اور بھٹوں پر چھاپے جاری ہیں، خلاف ورزیوں پر کارروائی میں زائد دھوئیں والی گاڑیوں کو 46 لاکھ روپے سے زائد کے ریکارڈ جرمانے،14 صنعتی یونٹ سیل جبکہ8 کے خلاف مقدمے درج کروا دیئے گئے ہیں، اسی طرح ایک صنعتی یونٹ مسمار، 9 سیل اور6 لاکھ روپے جرمانے عائد کئے گئے ہیں،گرین لاک ڈائون زون میں کمرشل جنریٹرز اور بار بی کیو پوائنٹس کی مسلسل چیکنگ کے دوران سموگ قوانین کی عدم تعمیل پر متعدد پوائنٹس کو نوٹسز جاری کیے گئے۔

انہوں نے کہا کہ شہری علاقوں میں شور اور فضائی آلودگی میں کمی کے لیے بھی کارروائی کی جارہی ہے،سڑکوں پر پانی کا چھڑکائو بھی جاری ہے، گرد و غبار ، مٹی اور ریت کی اوورلوڈنگ سے پھیلنے والی آلودگی روکنے کے لیے بھی اسکواڈز محترک ہیں ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ لاہور کے داخلی راستوں پر ریت سے لدی ٹرالیوں کی کڑی نگرانی جاری ہے، غیر محفوظ طریقے سے ریت لے جانے والی ٹرالیوں کے خلاف بھی کارروائی جاری رہے گی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنا، شہریوں کی صحت کو محفوظ اور صاف ستھرا ماحول یقینی بنانا ہے۔سینئرصوبائی وزیر نے کہا کہ خلاف ورزی پر مثالی سزا ملے گی،کوئی رعایت نہیں ہوگی،لاہور کو پاکستان کاہی نہیں دنیا کا سرفہرست صاف ستھرا اور ماحولیاتی طور پر محفوظ شہر بنائیں گے۔