پنجاب حکومت کا ملتان میں ترقیاتی پروگرامز اور صحت کی سہولیات پر فوکس ہے،صوبائی وزیر صحت پنجاب

113

ملتان۔ 19 فروری (اے پی پی):صوبائی وزیر پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ عمران نذیر نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کا ملتان میں ترقیاتی پروگرامز اور صحت کی سہولیات پر فوکس ہے۔تمام شہریوں کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا ترجیح ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز ملتان ڈویژن میں گورننس کی عمومی صورتحال اور محکمہ صحت کی کارکردگی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں کیا۔۔کمشنر آفس میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت عمران نذیر کا کہنا تھا کہ پنجاب میں جاری ترقیاتی پروگراموں کی بروقت تکمیل وزیراعلیٰ پنجاب کا مشن ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاح عامہ کے مختلف پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے اور عوام کو بہترین صحت کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس میں صحت کی بنیادی سہولیات تک شہریوں کی رسائی ممکن ہوپائے گی۔ملتان ڈویژن میں 209 مریم نواز ہیلتھ کلینکس،سنٹرز اپ گریڈ کئے جارہے ہیں۔ جس سے صحت کے مسائل پر قابو پایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا تجاوزات کے خاتمہ، ٹریفک مینجمنٹ پر بھی خصوصی فوکس ہے۔اس موقع پر ممبران صوبائی اسمبلی لعل محمد جوئیہ،مقصودہ بیگم، کمشنر عامر کریم خان ،ڈپٹی کمشنر محمد علی بخاری،سیاسی رہنما جاوید علی شاہ،طارق رشید،احمد حسن ڈیہڑ اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے۔