ڈیرہ غازی خان۔ 12 جنوری (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کا آر ایف ٹی ڈبلیو ترمیم شدہ چنگ چی مسافر و لوڈر رکشوں کو رجسٹرڈ کرنیکا انقلابی اقدام، ڈیرہ غازیخان کے جنرل بس سٹینڈ میں سپیشل رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کردیا گیا۔ڈپٹی کمشنر مہر شاہد زمان لک نے سپیشل رجسٹریشن سنٹر کا افتتاح کیا۔
سنٹر پر رکشہ ڈرائیور مطلوبہ کوائف فراہم کرکے اپنے رکشوں کو رجسٹرڈ کروا سکیں گے۔افتتاحی تقریب میں پولیٹیکل اسسٹنٹ محمد اسد چانڈیہ،اسسٹنٹ کمشنروسیکرٹری آر ٹی اے عثمان غنی،ڈی ایس پی ٹریفک امتیاز چنگوانی،سینئر موٹر وہیکلز ایگزامینر محمد اظہر نواب،ایم ایم پی آئی فیاض حسین،محمد سعد،اڈا مالکان،ٹرانسپورٹرز اور رکشہ ڈرائیور شریک تھے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے ڈرائیوروں کو اپنے ترمیم شدہ غیر قانونی رکشے رجسٹرڈ کروانے کاسنہری موقع فراہم کیاہے اور ڈرائیورز حکومت کی سپیشل رجسٹریشن پیشکش سے فائدہ اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ رجسٹریشن ووچر حاصل کرکے وہیکل انسپکشن سنٹرسے فٹنس کروانے کے بعد محکمہ ایکسائز سے ریگولررجسٹریشن کروا کر ہی ان رکشوں کو چلنے کی اجازت دی جائیگی۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اور آر ٹی اے آفس رکشہ ڈرائیوروں کو مکمل آگاہی فراہم کرینگے ۔قانونی دائرے میں آنے اور رکشوں کی باڈیوں میں ترمیم سے حادثات میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ تھری وہیلرز چنگ چی مسافر و لوڈر رکشوں کی رجسٹریشن کیلئے31جون تک کی مہلت دی گئی ہے۔ تقریب میں رکشوں کی رجسٹریشن بارے آگاہی پمفلٹس بھی تقسیم کیے گئے۔