لاہور۔7جنوری (اے پی پی):سینئرصو با ئی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے چین کی طرز پر لاہور میں فضائی آلودگی اور دھول مٹی سے نجات کا جدید طریقہ لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،لاہور میں 1500 تعمیراتی مقامات پر پانی کے چھڑکاو کے نظام کونصب کرنے کا حکم دے دیا گیا۔10 فروری کے بعد پانی کے چھڑکاو کے طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر مقدمہ درج ہوگا۔
انہوں نے منگل کو جاری بیان میں کہا کہ یہ مقامی طور پر تیار کردہ ٹیکنالوجی ہے جس پر گزشتہ تین ہفتے سے تجربات جاری تھے ۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ای پی اےنے تجربات کی کامیابی کے بعد اب اسے عملی طور پر لاگو کرنے کا فیصلہ کیا ہے،وزیر اعلی پنجاب نے سی اینڈ ڈبلیواور ایل ڈی اےکو فوری واٹر سپرنکل سسٹم لگانے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ پانی کو فوارے کے انداز میں اس طرح چلایا جاتا ہے جس سے تعمیراتی مقام پر مٹی نہ اڑے اور گردو غبار پیدا نہ ہو۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 15 جنوری تک قذافی سٹیڈیم میں واٹر سپرنکل سسٹم کی تنصیب کا حکم دیا گیا ہے،تعمیراتی مقامات کو سبز کپڑے سے ڈھانپنا لازمی ہوگا تاکہ تعمیراتی کام کے دوران سیمنٹ، مٹی اور دھول نہ اڑے۔ انہوں نے کہا کہ10 فروری کے بعد پانی کے چھڑکاو کے طریقہ کار پر عمل نہ کرنے پر مقدمہ درج ہوگا۔واٹر سپرنکلرز اور مسٹ کے اس طریقہ کار سے سموگ کے خاتمے کے مشن میں مزید تیزی اور بہتری آئے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ (ای پی اے) 9 ماہ سے فضائی آلودگی کے خاتمے کی جنگ لڑ رہا ہے، ماحولیاتی بہتری کے لئے رویوں کی تبدیلی، ہر شہری کا تعاون، جدید مشینری اور طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔