لاہور۔28نومبر (اے پی پی):پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کی 38ویں حج قرعہ اندازی 2025 کی تقریب پیسک ہائوس میں منعقدہ تقریب میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی تھے-سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ،ایم ڈی پیسک سائرہ عمر،پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے افسران اور سٹاف نے تقریب میں شرکت کی۔صوبائی وزیر،سیکرٹری صنعت و تجارت اور ایم ڈی پیسک نے قرعہ اندازی میں حصہ لیا،صوبائی وزیر نے اس سال حج پر جانے والے پیسک کے 7خوش نصیب ملازمین کے ناموں کا اعلان کیا اور انہیں مبارکباد دی۔
چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کا پیسے جمع کرکے اپنے ملازمین کو قرعہ اندازی کے ذریعے ہر سال حج پر بھجوانا خوش آئند اقدام ہے۔اس پروگرام کے تحت اب تک پیسک کے 282 ملازمین حج کی سعادت حاصل کرچکے ہیں اور اس پروگرام سے پیسک کے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ تقریب کے دوران سیکرٹری صنعت و تجارت ڈاکٹر احسان بھٹہ کو پیسک ہائوس کی تکمیل پر زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔