فیصل آباد۔ 08 مارچ (اے پی پی):پنجاب سیڈ کارپوریشن نے کپاس کی منظورشدہ اقسام کا بہترین معیار کاوافر بیج اپنے علاقائی سیل ڈپوؤں کو فراہم کردیا ہے اورکاشتکاروں کو کپاس کی کاشت محکمہ زراعت کے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق شروع کرنے کا بھی مشورہ دیا ہے نیز انہیں کہاگیاہے کہ وہ محکمہ زراعت کے اعلان کردہ کاشتہ شیڈول کے مطابق کپاس کی منظور شدہ اقسام کاشت کریں جو پتہ مروڑ وائرس کے خلاف بھرپور قوت مدافعت رکھتی ہیں۔
پنجاب سیڈ کارپوریشن فیصل آباد ریجن کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ وسط اپریل سے قبل کپاس کاشت کرنے سے اس کا اگاؤ متاثر ہو سکتاہے کیونکہ فصل کے بہتر اگاؤ کیلئے زمینی درجہ حرارت کم ازکم 20 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہاکہ منظور شدہ اقسام کم پانی اور زیادہ درجہ حرارت برداشت کرنے کی بھی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کاشتکار سیڈ کارپوریشن کا بیج استعمال کریں تاہم وہ کسی مستند پرائیویٹ سیڈ کمپنی کا بیج بھی استعمال کرسکتے ہیں۔