25.5 C
Islamabad
جمعہ, اپریل 18, 2025
ہومزرعی خبریںپنجاب سیڈ کونسل نے خشک سالی اور گرمی کو برداشت کی خصوصیات...

پنجاب سیڈ کونسل نے خشک سالی اور گرمی کو برداشت کی خصوصیات کی حامل ڈورم گندم کی نئی قسم ”چناب پاستا 24“کی منظوری دے دی

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 09 اپریل (اے پی پی):پنجاب سیڈ کونسل نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی کی تیار کردہ خشک سالی اور گرمی کو برداشت کی خصوصیات کی حامل ڈورم گندم کی نئی قسم ”چناب پاستا 24“کی منظوری دے دی ۔ زرعی محققین نے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے نبردآزما ہوتے ہوئے غذائی استحکام کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ڈورم ویٹ کو عام طور پر پاستا یا میکرونی گندم کے حوالے سے جانا جاتا ہے جسے بین الاقوامی سطح پر سوجی کے طور پر خصوصی اہمیت رکھنے کی وجہ سے پاستا،بیکنگ اور مختلف غذائی مصنوعات میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بین الاقوامی سطح پر اس کی بڑھتی ہوئی مانگ کے تناظر میں چناب پاستا کی کاشت پاکستان میں انڈسٹریل، معاشی اور برآمدات کا نیا باب مرتب کرے گی۔ زرعی یونیورسٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ قومی سطح پر آبپاشی اور بارانی علاقوں میں یہ نئی قسم کاشت کی جا سکے گی جس سے کسانوں کو مختلف ایگروکلائمیٹک زون میں اس کی کاشتکاری کے مواقع میسر آئیں گے۔

- Advertisement -

یہ قسم موسمیاتی تبدیلیوں اور پانی کی کمی جیسے مسائل کے خلاف قوت مدافعت رکھتی ہے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی کمیونٹی بشمول فیکلٹی، محققین اور طلبانے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے جو کہ فصلوں کی نشوونما میں جدت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ یونیورسٹی اب تک مختلف فصلوں، پھلوں اور سبزیوں کی 50 سے زیادہ بہتر لائنیں رجسٹر کروا چکی ہیں جو زرعی تحقیق، پائیداری اور غذائی استحکام میں سنگ میل ہے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579910

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں