پنجاب فوڈاتھارٹی کا لاہور میں کریک ڈاون جاری

121
Punjab Food Authority
Punjab Food Authority

لاہور۔2دسمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں کا لاہور میں کریک ڈاون جاری ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی کےمطابق کریک ڈائون کے دوران1973 فوڈ پوائنٹس، یونٹس کی چیکنگ کے دوران 11لاکھ 57ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے جبکہ6فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند کر دی گئی، 4کےخلاف مقدمات درج کئے گئے۔1400کلو گوشت، 650 لیٹر ملاوٹی دودھ اور بھاری مقدار میں ملاوٹی مصالحےاور ممنوعہ اشیا تلف کر دی گئیں، ناکہ بندی کے دوران 5لاکھ 53ہزار لیٹر دودھ کی چیکنگ کی گئی۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے بتایا کہ ٹولنٹن مارکیٹ میں 55ہزار کلو گوشت کا معائنہ کیا گیا۔جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کے خلاف 4مقدمات درج کروا دیے گئے۔ اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔ قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر معروف فوڈ پوائنٹس کی پروڈکشن بند کی گئی ہے۔

عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کا کاروبار صرف پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مقرر کردہ قوانین کے مطابق ہی کیا جاسکتا ہے۔ ملازمین کے میڈیکل اور ٹریننگ سرٹیفکیٹس سمیت پیور فوڈ ریگولیشنز کی پاسداری یقینی بنائی جائے۔ قوانین کے مطابق کام کرنے والوں کے لیے عوام دوست پالیسی، خلاف ورزی پر سخت کارروائی ہوگی۔