لاہور۔21نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی نے لاہور زون میں کارروائی کے دوران5یونٹ بند کر دیئے ۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق لاہور زون میں 1620 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی ،5 یونٹ بند کئے گئے اور فوڈ پوائنٹس کو 15لاکھ 97ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے اور ایک یونٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا، 82 نئے فوڈ پوائنٹس کو لائسنس کا اجرا کیاگیا،960 لیٹر ملاوٹی دودھ، 1200کلو بیمار مرغیاں تلف کی گئیں۔
نیازی بس ٹرمینل کے گردونواح میں 25 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کی گئی، 7 یونٹس کو ایک لاکھ 70ہزار کے جرمانے عائد کئے گئے۔ ٹولنٹن مارکیٹ میں 36گاڑیوں اور گودام میں موجود ایک لاکھ کلو سے زائد مرغیوں کی چیکنگ کی گئی۔جمعرات کو علی الصبح ناکہ بندی کے دوران 5لاکھ 56ہزار لیٹر سے زائد دودھ کا معائنہ کیا گیا۔
ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ ملاوٹ کرنے والوں کے لیے شکنجہ سخت کر لیا گیا ہے، مسافروں کی صحت کے تحفظ کے لیے روزانہ کی بنیاد پر بس سٹینڈ ریلوے سٹیشن پر موجود فوڈ پوائنٹس چیک کیے جارہے ہیں اور اصلاحی نوٹس دینے کے باوجود اصلاح نہ کرنے پر بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صحت بخش غذا کی یقینی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے ارد گرد ملاوٹ اور جعلسازی کرنے والوں کی اطلاع 1223 پر دیں، آپ کا تعاون آپکی اچھی صحت کا ضامن ہے۔