لاہور۔25فروری (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی نے کارروائی کرتےہوئے نمکو یونٹ کو بند کر کے500 لیٹر سے زائد استعمال شدہ ناقص آئل اور ممنوعہ رنگ تلف کر دیا ۔ترجمان کے مطابق ڈی جی فوڈ اتھارٹی کے حکم پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے گلبرگ میں نمکو یونٹ پر چھاپہ مار کریونٹ کی پروڈکشن بند کرکے 50ہزارروپے جرمانہ عائد کردیا اور500 لیٹر سے زائد استعمال شدہ ناقص آئل اور ممنوعہ رنگ تلف کر دیا۔سابقہ دی گئی ہدایات پر عمل نہ کرنے پر سنیکس یونٹ بھی بند کیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا ہے کہ یونٹ میں صفائی کے ناقص انتظامات، ملازمین کے میڈیکل عدم موجود پائے گئے۔ ٹوٹے فرش پر اشیا خوردونوش کی موجودگی اورغیر رجسٹر شدہ لیبل سے پیکنگ کی جارہی تھی۔ناقص آئل سے فرائنگ اور لیبل پر غلط ایڈریس لکھا پایا گیا۔نان فوڈ گریڈ پائوڈر سے کنفیکشنری اشیاء کی تیاری کی جارہی تھی۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا ہے کہ یونٹ میں چوہوں، چھپکلیوں اور مری مکھیوں کی بھرمار پائی گئی۔ قوانین کے خلاف خوراک کا کاروبار کرنے والوں کے کاروبار جڑ سے اکھاڑ دیا جائے گا۔ قوانین کے مطابق کام کرنے والوں کے لیے عوام دوست پالیسی ہے، ملاوٹ اور جعلساز مافیا کو ہرگز رعایت نہیں خوراک کی تیاری سے ترسیل تک چیکنگ کی جا رہی ہے۔