پنجاب فوڈاتھارٹی کے زیر اہتمام عالمی یوم خوراک کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

122
Punjab Food Authority

لاہور۔16اکتوبر (اے پی پی):پنجاب فوڈاتھارٹی کے زیر اہتمام عالمی یوم خوراک کے حوالے سے آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں دو عنوان پر سیر حاصل پینل ڈسکشن ہوئی جس میں ماہرین اور سینئر بیوروکریٹس نے حصہ لیا۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر بلال یاسین نے’’ہیلدی نیوٹریشن‘‘ فوڈ سٹالز کاافتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے آغاز پر عوام نے مذاق بنایا لیکن آج فوڈ اتھارٹی نے اپنا آپ منوایا،پنجاب کے تمام اداروں میں ایک ایسا ادارہ ہے جس کی کارکردگی سر چڑھ کر بولتی ہے،وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر انسپکشنز بڑھائی گئی ہیں، جرمانوں میں اضافہ کیا گیا ہے جس سے خوراک کے معیار میں بہتری آئی ہے،آج کا دن منانے کا مقصد فوڈ سیفٹی اور سکیورٹی اور ایگریکلچر پر آگاہی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے کہا کہ پنجاب فوڈاتھارٹی کا مقصد ملاوٹ مافیا کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام میں غذائیت سے بھرپور خوراک کھانے کی آگاہی دینا ہے، آج ہمارے بچوں کی خوراک صحت مندہوگی تو مستقبل میں ان کا ذہن مضبوط ہوگا اور وہ اپنے کام اچھے سے کرسکتے ہیں۔

سابق چیئرمین پاکستان کونسل آف سائنٹفک اینڈ ریسرچ ڈاکٹر شہزاد عالم نے کہا کہ آبادی کے بڑھنے سے فوڈ ریسورس پر اثر پڑتا ہے، خوراک کی کمی، بھوک کیخلاف جنگ میں پیداوار بڑھانا ہوگی۔سیکرٹری ماحولیات راجہ جہانگیر انور نے کہا کہ دنیا بدلنے سے پہلے خود کو بدلنا ہوگا، اپنے گھر سے خوراک کے ضیاع پر تبدیلی کی شروعات کریں گے، ہماری عادات ہمارے رویے اور معاشرے پر اثر انداز ہوتی ہیں، فوڈ ویسٹیج سے ماحول پر منفی اثر پڑتا ہے۔صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ محکمہ صحت میں نیوٹریشنن بورڈ کا قیام وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا صحت مند پنجاب مشن ہے،کھانا ضائع کرنے کی بجائے بانٹ دینا اسلام کی ترجمانی ہے۔ماہر غذائیت ڈاکٹر شفا نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ خوراک کا ضیاع ہمارا مسئلہ ہے لیکن ضرورت سے زیادہ خوراک کا استعمال بھی نقصان دہ ہے،فوڈ سکیورٹی اور فوڈ سیفٹی پر سوشل میڈیا کو مثبت کردار کیساتھ سائنس اور ٹیکنالوجی کے متعلق بھی بتانا ہوگا۔ اس موقع پر سینئر صحافی محسن بھٹی نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی ہماری صحت اور آئندہ نسلوں کی ضامن ہے،کھانے کے اوقات صحت پر اثر انداز ہوتے ہیں، صحت کے لیے فضولیات سے بچنا ہوگا،آج والدین کو رول ماڈل بننا ہوگا تاکہ ہمارے بچے مستقبل میں رول ماڈل بن سکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کوئی بھی کھانا نقصان دہ نہیں ہوتا، ہماری ترجیحات پر انحصار ہے کہ ہم اسے کیسے استعمال کرتے ہیں۔