لاہور۔21دسمبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی۔سال بھر میں 10 لاکھ 26ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ کے دوران قوانین کی خلاف ورزی پر 3ہزار 130سے زائد یونٹس بند کیے گئے جبکہ ناقص انتظامات پر 1لاکھ 8ہزار سے زائد فوڈ پوائنٹس کو جرمانے عائد کیے گئے ۔علاوہ ازیں قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 1034 مقدمات درج کروائے گئے۔ ترجمان کے مطابق سال بھر میں 35کروڑ 58لاکھ 95ہزار لٹر دودھ کی چیکنگ کے دوران 20 لاکھ 54 ہزار لیٹر ملاوٹی و ناقص دودھ تلف کیا گیا جبکہ ایک کروڑ 34لاکھ 33ہزار کلو گوشت کی چیکنگ کے دوران 4 لاکھ 15 ہزار کلو سے زائد مضر صحت گوشت تلف کیا گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ کارروائیوں میں1لاکھ 21 ہزار لیٹر استعمال شدہ آئل، 1لاکھ 24ہزار کلو ملاوٹی مصالحہ جات، 1لاکھ 15ہزار لیٹر سے زائد ناقص پانی اور 19ہزارکلو دالیں بھی تلف کی گئی۔
مارکیٹ میں سپلائی ہونے والی خوراک کے معیار کی تفصیلی جانچ کے لیے 15 ہزار900 سے زائد فوڈ سیمپلز لیے گئے اور 3لاکھ 81ہزار فوڈ پوائنٹس کو مزید بہتری کے لیے اصلاحی نوٹس بھی جاری کیے گئے۔عاصم جاوید کا کہنا تھا 2023 کی نسبت 2024 میں 83.37فیصد کارروائیوں میں اور 95.22فیصد جرمانوں میں اضافہ کیا گیا۔ گزشتہ سال کی نسبت 62.65 فیصد کاروبار بند اور 72فیصد مقدمات کے اندراج میں ریکارڈ اضافہ کیا گیا اور دودھ کی چیکنگ میں بھی ریکارڈ اضافہ کر کے مسلسل چیکنگ سے معیار میں بہتری اور تلف میں کمی آئی ہے مزید برآں میٹ سیفٹی ٹاسک فورس نے 2024 کی نسبت کارروائیوں میں اضافے کیساتھ 31.92 فیصد زائد گوشت تلف کیا گیا۔خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے۔
فیلڈ آپریشنز کیساتھ ساتھ عوامی آگاہی کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی نے سٹیٹ آف دی آرٹ سکول نیوٹریشن پروگرام کا آغاز کیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا عام آدمی کی اچھی صحت کے لیے ایٹ سیف فوڈ اور بچوں کی بہتر نیوٹریشن کے لیے ایٹ سیف کڈز کیمپین کا آغاز کیا گیا۔ خواتین کی بہتر صحت کے لیے ایٹ سیف وومین پروگرام، بچوں کے لیے کارٹون سیریز متعارف کروائی گئی۔ پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں فوڈ لیب کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔گوشت کے بہتر معیار کے لیے میٹ سیفٹی ٹاسک فورس اور دودھ کی ٹریسیبلٹی کے لیے ڈیری سیفٹی ٹیمیں فعال کی گئی۔ عاصم جاوید نے مزید کہا آئل گھی کی مکمل جانچ پڑتال کے لیے الگ ونگ قائم کیا گیا ہے۔ سیاحوں کی اچھی صحت کے لیے مری میں ضلعی دفتر کے آغاز کے بعد مکمل فعال کیا گیا۔
ملاوٹ کرنے پر اسلام میں کیا سزا ہے، مساجد میں منبر و محراب کے ذریعے آگاہی شروع کی گئی۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں نیوٹریشن گائیڈ پلان متعارف، غذائیت سے بھرپور تراکیب درج کی گئی۔وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق صحت عامہ کے حصول کے لیے تمام تر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں۔ ڈی جی فوڈ نے کہا خوراک کے معیار پر ہرگز سمجھوتہ نہیں۔ معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔ملاوٹ اور جعلساز مافیا کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔