پنجاب فوڈ اتھارٹی ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری

149

ڈیرہ غازی خان ۔05 جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈیرہ غازی خان ڈویژن کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، 2023 کے دوران 37 ہزار 362 فوڈ پوائنٹس کی چیکنگ، 23 ہزار 964 فوڈ بزنس مالکان کو وارننگ نوٹسز جاری کیے گئے،حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر 4825 فوڈ یونٹس کو 3 کروڑ 44 لاکھ 7 ہزار روپے کے جرمانے عائد کردیے گئے،قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں پر 12 فوڈ بزنس مالکان کے خلاف ایف آئی آرز جبکہ 7 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

اس حوالے سے ترجمان فوڈ اتھارٹی ڈیرہ غازی خان نے بتایا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ڈی جی خان،مظفر گڑھ،راجن پور اور لیہ میں گزشتہ برس کے دوران 74 ہزار 506 لٹر غیر معیاری دودھ،6 ہزار 481 لٹر ناقص جوس، 3 ہزار سے زائد ملاوٹی مصالحہ جات تلف کیے گئے۔3 ہزار کلو گرام اچار اور مربہ جات،524 کلو مضر صحت گوشت، 7 ہزار ساشے ممنوعہ گٹکا تلف کیا گیا۔620 کلو ممنوعہ چائنہ نمک،130 کلو شوگر سیرپ، 588 لٹر رینسڈ آئل،80 کلو کیچپ بھی تلف کیا گیا۔

گزشتہ سال ڈویژن بھر میں ریسورس اینڈ لائسنس ونگ کی جانب سے 3 ہزار 272 لائسنس اپلائی کیے گئے۔اس موقع پر ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہا کہ خوراک کی تیاری سے ترسیل تک تمام مراحل کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جارہا ہے اور ملاوٹ و جعل سازی کے خاتمے کیلیے پنجاب فوڈ اتھارٹی ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔