ڈیرہ غازی خان۔ 26 جنوری (اے پی پی):ڈیرہ غازی خان ڈویژن میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ممنوعہ اور غیر معیاری اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق کروڑ لعل عیسن میں ایک سپر سٹور پر کارروائی کے دوران 40 کلو زائد المعیاد فوڈ آئٹمز اور 20 کلو ممنوعہ چائنہ نمک کو ضبط کر کے تلف کیا گیا، فوڈ بزنس مالکان پر 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کی ہدایت پر کی گئی
اس کارروائی میں معلوم ہوا کہ ہدایات کے باوجود چائنہ نمک فروخت کیا جا رہا تھا۔ اس کے علاوہ سٹور میں زائد المعیاد کھانے پینے کی اشیاء، جیسے کھجوریں، پتی، اور ٹافیاں موجود تھیں، جبکہ ذخیرہ کرنے کی جگہ گندگی اور حشرات سے بھری ہوئی تھی۔محمد عاصم جاوید نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چائنہ نمک کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ یہ صحت کے لیے مضر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت دشمن عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک فراہم کی جا سکے۔