پنجاب فوڈ اتھارٹی کاکریک ڈاؤن جاری،موقع سےملاوٹی مصالحہ جات اور کھلا رنگ ضبط کر لیا

158

فیصل آباد ۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے جعلسازی کا مکروہ دھندہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔فوڈ سیفٹی ٹیموں نے نعمت آباد روڈ فیصل ٹاؤن میں واقع اویس ٹریڈرز پر چھاپہ مارکر یونٹ کی پروڈکشن بنداورمقدمہ درج کرادیا۔موقع سے 340 کلو دھنیا، 120 کلو سونف، 120لٹر ہائڈروجن آکسائیڈاور کھلا رنگ ضبط کرلیا گیا ،اسی طرح مکسر مشین، 1 من سے زائد ٹیلکم پاؤڈر، 35 کلو گڑ بھی تحویل میں لے لیاگیا۔ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ خشک دھنیے کو ٹیلکم پاؤڈر اور کھلے رنگ لگا کر جبکہ ناقابل سراغ اجزاء اور ممنوعہ کیمکلز کی ملاوٹ سے سونف تیار کیا جا رہا تھا،

مصالحہ جات کی پیکنگ کیلئے استعمال کئے جانے والا لیبل پنجاب فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ نہ تھا۔پیور فوڈ ریگولیشنز کی سنگین خلاف ورزیوں پر یونٹ کی پروڈکشن بند کر کے مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ ملاوٹی مصالحہ جات پیٹ اور انتڑیوں کے کینسر سمیت دیگر موذی بیماریوں کا باعث بنتے ہیں۔ملاوٹی مصالحہ جات کو فیصل آباد اور گردونواح میں ہوٹلز اور چھوٹی دکانوں پر سپلائی کیا جانا تھا۔بنیادی اشیائے خوردونوش کی تیاری میں جعلسازی کے مرتکب عناصر کا کاروبار بند کر دیا جائے گا،خوراک کے معیار میں مزید بہتری کے لیے صوبہ بھر میں مسلسل کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔عوام سے گزارش ہے کہ کھلے مصالحے ہرگز مت خریدیں، شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔