شہریوں کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے گنج منڈی میں ہزاروں لیٹر مضر صحت جوس تلف کر دیا
پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ایکشن گنج منڈی میں ہزاروں لیٹر مضر صحت جوس تلف

مزید خبریں
راولپنڈی۔30اپریل (اے پی پی):شہریوں کی صحت کو لاحق سنگین خطرات کے پیش نظر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے گنج منڈی میں ہزاروں لیٹر مضر صحت جوس تلف کر دیا اور ملوث عناصر کے خلاف کارروائی تیز کر دی ہے۔ ترجمان فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ ڈی جی کی ہدایات پر ناقص اور غیر معیاری جوس کی فروخت کے خلاف خصوصی کریک ڈاؤن شروع کیا گیا ہے۔ اس دوران گنج منڈی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 790 لیٹر ناقص جوس موقع پر ہی ضائع کر دیا گیا جو انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے موقع پر کیے گئے ٹیسٹ میں جوس کے نمونے معیار پر پورا نہ اتر سکے جس پر فوڈ سیفٹی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے تلف کر دیا تاکہ شہری ممکنہ بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔
مزید کارروائی میں ناقص جوس کی سپلائی میں ملوث دو ڈیلرز کو ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ عائد کیا گیا جبکہ انہیں سخت تنبیہ بھی جاری کی گئی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے واضح کیا کہ آئندہ خلاف ورزی کی صورت میں کاروبار سیل کرنے سمیت سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے، خوراک کے معیار کی نگرانی کا عمل مسلسل جاری رہے گا اور عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ملاوٹ یا ناقص خوراک کی اطلاع فوری طور پر ہیلپ لائن 1223 پر دیں تاکہ بروقت کارروائی ممکن بنائی جا سکے۔ دوسری جانب شہری حلقوں نے اس کارروائی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے کریک ڈاؤن کو تسلسل کے ساتھ مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ شہر سے غیر معیاری خوراک کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔








