سرگودھا۔1نومبر (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا سرگودھا میں مضر ِصحت گوشت فروخت کرنیوالے مافیاء کیخلاف آپریشن جاری ہے۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے 800 کلو گرام مضر ِصحت گوشت تلف کردیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی ذرائع کے مطابق سرگودھا کے نواحی علاقہ جھال چکیاں کے قریب غیر قانونی سلاٹر ہاؤس کیخلاف کارروائی کی گئی جہاں پربدبودار اور بے رنگ گوشت کوگھر میں ذخیرہ کرکے مارکیٹ میں سپلائی کیا جانا تھا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ویٹرنری ڈاکٹر کے مطابق گوشت ناقابل ِاستعمال اور صحت کیلئے نقصان دہ تھا۔ویٹرنری ڈاکٹر نے مضر صحت گوشت فروخت کرنے پر ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کروادیا ہے۔
ویٹرنری ڈاکٹر نے کہاکہ پنجاب فوڈ اتھارٹی انسانی صحت سے کھلواڑ کرنیوالے عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ کررہی ہے،خوراک سے وابستہ کسی بھی غیر قانونی کاروبار کی نشاندہی کیلئے فوڈ سیفٹی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔