پنجاب فوڈ اتھارٹی کا غیر معیاری ڈیری مصنوعات مافیا کے خلاف کریک ڈائون، 15ملک شاپس وڈیری یونٹس بند

155
Punjab Food Authority

لاہور۔2فروری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کاصوبہ بھر میں دودھ و ڈیری مصنوعات کے نام پر جعلسازی کا دھندہ کرنے والے مافیا کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے،ماہ جنوری میں ڈیری سیفٹی ٹیموں نے صوبہ بھر میں ملک شاپس اور ڈیری پراڈکٹس یونٹس کی چیکنگ کے دوران ں 2کروڑ 88لاکھ 98ہزار لٹر دودھ کا تجزیہ کیا۔

ترجمان کے مطابق 1 لاکھ 65 ہزار لٹر سے زائد ملاوٹی دودھ اور ڈیری پراڈکٹس تلف جبکہ 15 ملک شاپس،ڈیری یونٹس بندکردیئے گئے ،جعلی دودھ اورناقص ڈیری پراڈکٹس بنانے پر جعلسازوں کے خلاف 24مقدمات بھی درج کروائے گئے۔

ڈی جی فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پرفوڈ سیفٹی ٹیموں نے ناکہ بندیوں کے دوران 31ہزار سے زائد دودھ بردار گاڑیوں اور 12ہزار سے زائد ملک شاپس اور ڈیری یونٹس کی چیکنگ کی،ناقص انتظامات اور ملاوٹی ڈیری مصنوعات کی برآمدگی پر 1900 شاپس،ڈیری یونٹس اور دودھ بردار گاڑیوں کو 2کروڑ سے زائد جرمانے عائد کیے گئے،

اسی طرح دیسی گھی،پنیر، کھویا، مکھن اور دیگر مصنوعات کی تفصیلی جانچ کے لئے 153 سیمپل بھی لیبارٹری بجھوا دیئے گئے۔ ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید نے کہاکہ دودھ سے بننے والی مصنوعات میں ممنوعہ اجزا کی ملاوٹ معدہ وجگر کیلئے انتہائی مضر ثابت ہو سکتی ہے،

پنجاب کے باسیوں تک خالص اور غذائیت سے بھرپور اشیا کی فراہمی کے لیے زیرو ٹالرینس پالیسی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملاوٹی دودھ سپلائی کرنے والے عناصر کے خاتمے کے لئے نئی پالیسیوں پر کام اور زیادہ منافع کمانے کے لالچ میں بیماریاں فروخت کرنے والوں کے خاتمے کیلئے مسلسل کوشاں ہیں۔