راولپنڈی۔14مارچ (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی نے مریڑ، مری روڈ، ٹھلیاں انٹرچینج اور اسلام آباد ٹول پلازہ پر ناکے لگا کر دودھ بردار گاڑیوں میں موجود بڑی مقدار ملاوٹی دودھ تلف کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا راولپنڈی میں مضر صحت ممنوع اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پی ایف اے کے مطابق رمضان میں سحری اور افطاری کے اوقات میں خصوصی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔ گزشتہ روز سحری کے وقت مریڑ، مری روڈ، ٹھلیاں انٹر چینج اور اسلام آباد ٹول پلازہ پر ناکے لگا کر 20 دودھ بردار گاڑیوں کو چیک کیا گیا اور 8 ہزار 200 لیٹر پانی ملا دودھ کو موقع پر تلف کر دیا گیا۔ ناقص دودھ سپلائی کرنے پر 3 لاکھ 15 ہزار کے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔
ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کا کہنا ہے کہ دودھ بردار گاڑیوں کو روزانہ کی بنیاد پر چیک کیا جاتا ہے۔ صحت دشمن عناصر کے خلاف ہمہ وقت کارروائیاں جاری ہیں۔ شہری کسی بھی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572536