اوکاڑہ۔ 09 جنوری (اے پی پی):پنجاب فوڈ اتھارٹی کا پنیر بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ، 290 کلو گرام غیر معیاری پنیر اور کھلا رنگ تلف کردیا گیا، پنیر پروڈکشن یونٹ کو 70 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا۔
کارروائی چک نمبر 45 جی ڈی نور شاہ روڈ پر کی گئی۔انسپکشن کے دوران بدبودار اور فنگس زدہ پنیر سٹور کیا گیا تھا۔ خوراک کی تیاری میں کھلے رنگ اور ناقابل شناخت اجزاء کی ملاوٹ بھی کی جارہی تھی۔ سٹوریج ایریا میں گندگی اور صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پائے گئے۔
فوڈ سیفٹی ٹیم نے غیر معیاری پنیر موقع پر تلف کردیا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ غیر معیاری خوراک کی ترسیل کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی ہیلپ لائن 1223 پر رابطہ کریں۔